فَسُبْحَانَ اللَّهِ حِينَ تُمْسُونَ وَحِينَ تُصْبِحُونَ
پس اللہ تعالیٰ کی تسبیح پڑھا کرو جب کہ تم شام کرو اور جب صبح کرو۔
خالق کل مقتدر کل ہے اس رب تعالیٰ کی کمال قدرت اور عظمت سلطنت پر دلالت اس کی تسبیح اور اس کی حمد سے ہے جس کی طرف اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی رہبری کرتا ہے اور اپنا پاک ہونا اور قابل حمد ہونا بھی بیان فرما رہا ہے ۔ شام کے وقت جبکہ رات اپنے اندھیروں کو لے آتی ہے اور صبح کے وقت جبکہ دن اپنی روشنیوں کو لے آتا ہے ۔ اتنا بیان فرما کر اس کے بعد کاجملہ بیان فرمانے سے پہلے ہی یہ بھی ظاہر کر دیا کہ زمین و آسمان میں قابل حمد و ثناء وہی ہے ان کی پیدائش خود اس کی بزرگی پر دلیل ہے ۔ پھر صبح شام کے وقتوں کی تسبیح کا بیان جو پہلے گزرا تھا اس کے ساتھ عشاء اور ظہر کا وقت ملالیا ۔ جو پور ے اندھیرے اور کامل اجالے کا وقت ہوتا ہے ۔ بیشک تمام تر پاکیزگی اسی کو سزاوار ہے جو رات کے اندھیروں کو اور دن کے اجالوں کو پیدا کرنے والا ہے ۔ «فَالِقُ الْإِصْبَاحِ وَجَعَلَ اللَّیْلَ سَکَنًا» ۱؎ (6-الأنعام:96) ’ صبح کا ظاہر کرنے والا رات کو سکون والی بنانے والا وہی ہے ‘ ۔ اس جیسی آیتیں اور بھی بہت سی ہیں ۔ آیت «النَّہَارِ اِذَا جَلّٰیہَا وَاللَّیْلِ إِذَا یَغْشَاہَا» ۱؎ (91-الشمس:-4-3) اور «ووَاللَّیْلِ إِذَا یَغْشَیٰ وَالنَّہَارِ إِذَا تَجَلَّیٰ» ۱؎ (92-اللیل:-2-1) ٰ اور «وَالضٰحٰی وَالَّیْلِ اِذَا سَـجٰی» ۱؎ (93-الضحی:2-1) وغیرہ ۔ مسند احمد کی حدیث میں ہے کہ { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ { میں تمہیں بتاؤں کہ اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام کا نام خلیل [وفادار] کیوں رکھا ؟ اس لیے کہ وہ صبح شام ان کلمات کو پڑھاکرتے تھے } ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آیت «فَسُـبْحٰنَ اللّٰہِ حِیْنَ تُمْسُوْنَ وَحِیْنَ تُصْبِحُوْنَ» ۱؎ (30-الروم:17) سے «وَلَہُ الْحَمْــدُ فِی السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَعَشِـیًّا وَّحِیْنَ تُظْہِرُوْنَ» ۱؎ (30-الروم:18) تک کی دونوں آیتیں تلاوت فرمائیں } ۔ ۱؎ (مسند احمد:439/3:ضعیف) طبرانی کی حدیث میں ان دونوں آیتوں کی نسبت ہے کہ { جس نے صبح و شام یہ پڑھ لیں اس نے دن رات میں جو چیز چھوٹ گئی اسے پا لیا } ۔ ۱؎ (سنن ابوداود:5076،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) ۔ پھر بیان فرمایا کہ ’ موت وزیست کا خالق مردوں سے زندوں کو اور زندوں سے مردوں کو نکالنے والا وہی ہے ‘ ۔ ہر شئے پر اور اس کی ضد پر وہ قادر ہے دانے سے درخت ، درخت سے دانے ، مرغی سے انڈہ ، انڈے سے مرغی ، نطفے سے انسان ، انسان سے نطفہ ، مومن سے کافر ، کافر سے مومن غرض ہرچیز اور اس کے مقابلہ کی چیز پر اسے قدرت حاصل ہے ۔ خشک زمین کو وہی تر کردیتا ہے بنجر زمین سے وہی زراعت پیدا کرتا ہے جیسے سورۃ یاسین میں فرمایا کہ «وَآیَۃٌ لَّہُمُ الْأَرْضُ الْمَیْتَۃُ أَحْیَیْنَاہَا وَأَخْرَجْنَا مِنْہَا حَبًّا فَمِنْہُ یَأْکُلُونَ وَجَعَلْنَا فِیہَا جَنَّاتٍ مِّن نَّخِیلٍ وَأَعْنَابٍ وَفَجَّرْنَا فِیہَا مِنَ الْعُیُونِ» ’ خشک زمین کا تروتازہ ہو کرطرح طرح کے اناج وپھل پیدا کرنا بھی میری قدرت کا ایک کامل نشان ہے ‘ ۱؎ (36-یس:33-34) ۔ ایک اور آیت میں ہے «وَتَرَی الْأَرْضَ ہَامِدَۃً فَإِذَا أَنْزَلْنَا عَلَیْہَا الْمَاءَ اہْتَزَّتْ وَرَبَتْ وَأَنْبَتَتْ مِنْ کُلِّ زَوْجٍ بَہِیجٍ ذَلِکَ بِأَنَّ اللہَ ہُوَ الْحَقٰ وَأَنَّہُ یُحْیِی الْمَوْتَی وَأَنَّہُ عَلَی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیرٌ وَأَنَّ السَّاعَۃَ آتِیَۃٌ لَا رَیْبَ فِیہَا وَأَنَّ اللہَ یَبْعَثُ مَنْ فِی الْقُبُورِ» (22-الحج:5-7) ’ تمہارے دیکھتے ہوئے اس زمین کو جس میں سے دھواں اٹھتا ہو دو بوند سے تر کر کے میں لہلہا دیتا ہوں اور ہر قسم کی پیداوار سے اسے سرسبز کر دیتا ہوں ‘ ۔ اور بھی بہت سی آیتوں میں اس مضمون کو کہیں مفصل کہیں مجمل بیان فرمایا ۔ یہاں فرمایا ’ اسی طرح تم سب بھی مرنے کے بعد قبروں میں سے زندہ کر کے کھڑے کر دئیے جاؤ گے ‘ ۔