وَيَقُولُونَ آمَنَّا بِاللَّهِ وَبِالرَّسُولِ وَأَطَعْنَا ثُمَّ يَتَوَلَّىٰ فَرِيقٌ مِّنْهُم مِّن بَعْدِ ذَٰلِكَ ۚ وَمَا أُولَٰئِكَ بِالْمُؤْمِنِينَ
اور کہتے ہیں کہ ہم اللہ تعالیٰ اور رسول پر ایمان لائے اور فرماں بردار ہوئے پھر ان میں سے ایک فرقہ اس کے بعد بھی پھر جاتا ہے۔ یہ ایمان والے ہیں (ہی) نہیں (١)۔
منافق کی زبان اور ، دل منافقوں کا حال بیان ہو رہا ہے کہ ’ زبان تو ایمان واطاعت کا اقرار کرتے ہیں لیکن دل سے اس کے خلاف ہیں ، عمل کچھ ہے قول کچھ ہے ، اس لیے کہ دراصل ایماندار نہیں ‘ ۔ حدیث میں ہے کہ { جو شخص بادشاہ کے سامنے بلوایا جائے اور وہ نہ جائے وہ ظالم ہے اور ناحق پر ہے } ۔ جب انہیں ہدایت کی طرف بلایا جاتا ہے ، قرآن و حدیث کے ماننے کو کہا جاتا ہے تو یہ منہ پھیر لیتے ہیں اور تکبر کرنے لگتے ہیں ۔ جیسے آیت «أَلَمْ تَرَ إِلَی الَّذِینَ یَزْعُمُونَ أَنَّہُمْ آمَنُوا بِمَا أُنزِلَ إِلَیْکَ وَمَا أُنزِلَ مِن قَبْلِکَ یُرِیدُونَ أَن یَتَحَاکَمُوا إِلَی الطَّاغُوتِ وَقَدْ أُمِرُوا أَن یَکْفُرُوا بِہِ وَیُرِیدُ الشَّیْطَانُ أَن یُضِلَّہُمْ ضَلَالًا بَعِیدًا وَإِذَا قِیلَ لَہُمْ تَعَالَوْا إِلَیٰ مَا أَنزَلَ اللہُ وَإِلَی الرَّسُولِ رَأَیْتَ الْمُنَافِقِینَ یَصُدٰونَ عَنکَ صُدُودًا» ۱؎ (4-النساء:60،61) تک کی آیتوں میں بیان گزر چکا ہے ۔ ہاں اگر انہیں شرعی فیصلے میں اپنا نفع نظر آتا ہو تو لمبے لمبے کلمے پڑھتے ہوئے ، گردن ہلاتے ہوئے ہنسی خوش چلے آئیں گے اور جب معلوم ہو جائے کہ شرعی فیصلہ ان کی طبعی خواہش کے خلاف ہے ، دنیوں مفاد کے خلاف ہے تو حق کی طرف مڑ کر دیکھیں گے بھی نہیں ۔ پس ایسے لوگ پکے کافر ہیں ۔ اس لیے کہ تین حال سے خالی نہیں یا تو یہ کہ ان کے دلوں میں ہی بے ایمانی گھر کرگئی ہے یا انہیں اللہ کے دین کی حقانیت میں شکوک ہیں یاخوف ہے کہ کہیں اللہ اور رسول ان کا حق نہ مارلیں ، ان پر ظلم وستم کریں گے اور یہ تینوں صورتیں کفر کی ہیں ۔ اللہ ان میں سے ہر ایک کو جانتا ہے جو جیسا باطن میں ہے اس کے پاس وہ ظاہر ہے ۔ دراصل یہی لوگ جابر ہیں ، ظالم ہیں ، اللہ اور رسول اللہ اس سے پاک ہیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایسے کافر جو ظاہر میں مسلمان تھے ، بہت سے تھے ، انہیں جب اپنا مطلب قرآن و حدیث میں نکلتا نظر آتا تو خدمت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں اپنے جھگڑے پیش کرتے اور جب انہیں دوسروں سے مطلب براری نظر آتی تو سرکار محمد صلی اللہ علیہ وسلم میں آنے سے صاف انکار کر جاتے ۔ پس یہ آیت اتری اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : { جن دو شخصوں میں کوئی جھگڑا ہو اور وہ اسلامی حکم کے مطابق فیصلے کی طرف بلایا جائے اور وہ اس سے انکار کرے وہ ظالم ہے اور ناحق پر ہے } ۔ ۱؎ (طبرانی کبیر:6939:ضعیف) یہ حدیث غریب ہے ۔