سورة الحجر - آیت 89

وَقُلْ إِنِّي أَنَا النَّذِيرُ الْمُبِينُ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور کہہ دیجئے کہ میں تو کھلم کھلا ڈرانے والا ہوں۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

انبیاء کی تکذیب عذاب الٰہی کا سبب ہے حکم ہوتا ہے کہ ’ اے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم آپ اعلان کر دیجئیے کہ میں تمام لوگوں کو عذاب الٰہی سے صاف صاف ڈرا دینے والا ہوں ۔ یاد رکھو میرے جھٹلانے والے بھی اگلے نبیوں کے جھٹلانے والوں کی طرح عذاب الٰہی کے شکار ہوں گے ‘ ۔ «الْمُقْتَسِمِینَ» سے مراد قسمیں کھانے والے ہیں جو انبیاء علیہ السلام کی تکذیب اور ان کی مخالفت اور ایذاء دہی پر آپس میں قسما قسمی کر لیتے تھے جیسے کہ قوم صالح کا بیان قرآن حکیم میں ہے کہ «قَالُوا تَقَاسَمُوا بِ اللہِ لَنُبَیِّتَنَّہُ» ۱؎ (27-النمل:49) ’ ان لوگوں نے اللہ کی قسمیں کھا کر عہد کیا کہ راتوں رات صالح علیہ السلام اور ان کے گھرانے کو ہم موت کے گھاٹ اتار دیں گے ‘ ۔ اسی طرح قرآن میں ہے کہ «وَأَقْسَمُوا بِ اللہِ جَہْدَ أَیْمَانِہِمْ لَا یَبْعَثُ اللہُ مَنْ یَمُوتُ» ۱؎ (16-النحل:38) ’ وہ قسمیں کھا کھا کر کہتے تھے کہ مردے پھر جینے کے نہیں‘ الخ ۔ اور جگہ ان کا اس بات پر قسمیں کھانے کا ذکر ہے کہ «أَہٰؤُلَاءِ الَّذِینَ أَقْسَمْتُمْ لَا یَنَالُہُمُ اللہُ بِرَحْمَۃٍ» ۱؎ (7-الأعراف:49) ’ مسلمانوں کو کبھی کوئی رحمت نہیں مل سکتی ‘ ۔ الغرض جس چیز کو نہ ما نتے اس پر قسمیں کھانے کی انہیں عادت تھی اس لیے انہیں کہا گیا ہے ۔ بخاری و مسلم میں ہے { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ { میری اور ان ہدایات کی مثال جسے دے کر اللہ نے مجھے بھیجا ہے اس شخص کی سی ہے جو اپنی قوم کے پاس آ کر کہے کہ لوگو میں نے دشمن کا لشکر اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے دیکھو ہوشیار ہو جاؤ بچنے اور ہلاک نہ ہونے کے سامان کر لو ۔ اب کچھ لوگ اس کی بات مان لیتے ہیں اور اسی عرصہ میں چل پڑتے ہیں اور دشمن کے پنجے سے بچ جاتے ہیں لیکن بعض لوگ اسے جھوٹا سمجھتے ہیں اور وہیں بے فکری سے پڑے رہتے ہیں کہ ناگاہ دشمن کا لشکر آ پہنچتا ہے اور گھیر گھار کر انہیں قتل کر دیتا ہے پس یہ ہے مثال میرے ماننے والوں کی اور نا ماننے والوں کی } } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:7283) ان لوگوں نے اللہ کی ان کتابوں کو جو ان پر اتری تھیں پارہ پارہ کر دیا جس مسئلے کو جی چاہا مانا جس سے دل گھبرایا چھوڑ دیا ۔ بخاری شریف میں ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ { اس سے مراد اہل کتاب ہیں کہ کتاب کے بعض حصے کو مانتے تھے اور بعض کو نہیں مانتے تھے } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:4805) یہ بھی مروی ہے کہ مراد اس سے کفار کا کتاب اللہ کی نسبت یہ کہنا ہے کہ یہ جادو ہے ، یہ کہانت ہے ، یہ اگلوں کی کہانی ہے ، اس کا کہنے والا جادوگر ہے ، مجنوں ہے ، کاہن ہے وغیرہ ۔ سیرت ابن اسحاق میں ہے کہ ولید بن مغیرہ کے پاس سرداران قریش جمع ہوئے حج کا موسم قریب تھا اور یہ شخص ان میں بڑا شریف اور ذی رائے سمجھا جاتا تھا اس نے ان سب سے کہا کہ دیکھو حج کے موقع پر دور دراز سے تمام عرب یہاں جمع ہوں گے ۔ تم دیکھ رہے ہو کہ تمہارے اس ساتھی نے ایک اودھم مچا رکھا ہے لہٰذا اس کی نسبت ان بیرونی لوگوں سے کیا کہا جائے یہ بتاؤ اور کسی ایک بات پر اجماع کرلو کہ سب وہی کہیں ۔ ایسا نہ ہو کوئی کچھ کہے کوئی کچھ کہے اس سے تو تمہارا اعتبار اٹھ جائے گا اور وہ پردیسی تمہیں جھوٹا خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا ابو عبد شمس آپ ہی کوئی ایسی بات تجویز کر دیجئیے اس نے کہا پہلے تم اپنی تو کہو تاکہ مجھے بھی غور و خوض کا موقعہ ملے انہوں نے کہا پھر ہماری رائے میں تو ہر شخص اسے کاہن بتلائے ۔ اس نے کہا یہ تو واقعہ کے خلاف ہے لوگوں نے کہا پھر مجنوں بالکل درست ہے ۔ اس نے کہا یہ بھی غلط ہے کہا اچھا تو شاعر کہیں ؟ اس نے جواب دیا کہ وہ شعر جانتا ہی نہیں کہا اچھا پھر جادوگر کہیں ؟ کہا اسے جادو سے مس بھی نہیں اس نے کہا سنو واللہ اس کے قول میں عجب مٹھاس ہے ان باتوں میں سے تم جو کہو گے دنیا سمجھ لے گی کہ محض غلط اور سفید جھوٹ ہے ۔ گو کوئی بات نہیں بنتی لیکن کچھ کہنا ضرور ہے اچھا بھائی سب اسے جادوگر بتلائیں ۔ اس امر پر یہ مجمع برخاست ہوا ۔ اور اسی کا ذکر ان آیتوں میں ہے ۔ روزہ قیامت ایک ایک چیز کا سوال ہو گا ان کے اعمال کا سوال ان سے ان کا رب ضرور کرے گا یعنی کلمہ «لَا إِلٰہَ إِلَّا اللہُ» سے ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:3126،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ” اس اللہ کی قسم جس کے سوا کوئی معبود نہیں کہ تم میں سے ہر ایک شخص قیامت کے دن تنہا تنہا اللہ کے سامنے پیش ہوگا جیسے ہر ایک شخص چودہویں رات کے چاند کو اکیلا اکیلا دیکھتا ہے ۔ اللہ فرمائے گا ’ اے انسان تو مجھ سے مغرور کیوں ہو گیا ؟ تو نے اپنے علم پر کہاں تک عمل کیا ؟ تو نے میرے رسولوں کو کیا جواب دیا ؟ ‘ “ ۔ ابوالعالیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں دو چیزوں کا سوال ہر ایک سے ہوگا معبود کسے بنا رکھا تھا اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مانی یا نہیں ؟ ابن عیینہ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں عمل اور مال کا سوال ہوگا ۔ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ سے حضور علیہ السلام نے فرمایا { اے معاذ ! انسان سے قیامت کے دن ہر ایک عمل کا سوال ہوگا ۔ یہاں تک کہ اس کے آنکھ کے سرمے اور اس کے ہاتھ کی گندہی ہوئی مٹی کے بارے میں بھی اس سے سوال ہو گا ، دیکھ معاذ ایسا نہ ہو کہ قیامت کے دن اللہ کی نعمتوں کے بارے میں تو کمی والا رہ جائے } ۔ ۱؎ (الدیلمی فی الزھر الفردوس:339/4:ضعیف) اس آیت میں تو ہے کہ ’ ہر ایک سے اس کے عمل کی بابت سوال ہوگا ‘ ۔ اور سورۃ رحمان کی آیت میں ہے کہ آیت «فَیَوْمَئِذٍ لَّا یُسْأَلُ عَن ذَنبِہِ إِنسٌ وَلَا جَانٌّ» ۱؎ (55-الرحمن:39) کہ ’ اس دن کسی انسان یا جن سے اس کے گناہوں کا سوال نہ ہوگا ‘ ۔ ان دونوں آیتوں میں بقول ابن عباس رضی اللہ عنہما تطبیق یہ ہے کہ ” یہ سوال نہ ہوگا کہ تونے یہ عمل کیا ؟ بلکہ یہ سوال ہوگا کہ کیوں کیا ؟“