سورة یونس - آیت 57

يَا أَيُّهَا النَّاسُ قَدْ جَاءَتْكُم مَّوْعِظَةٌ مِّن رَّبِّكُمْ وَشِفَاءٌ لِّمَا فِي الصُّدُورِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِّلْمُؤْمِنِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اے لوگوں! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے ایک ایسی چیز آئی ہے جو نصیحت ہے (١) اور دلوں میں جو روگ ہیں ان کے لئے شفا ہے (٢) اور رہنمائی کرنے والی ہے اور رحمت ہے ایمان والوں کے لئے (٣

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

رسول صلی اللہ علیہ وسلم کریم کے منصب عظیم کا تذکرہ اپنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن عظیم نازل فرمانے کے احسان کو اللہ رب العزت بیان فرما رہے ہیں کہ ’ اللہ کا وعظ تمہارے پاس آچکا جو تمہیں بدیوں سے روک رہا ہے ، جو دلوں کے شک شکوک دور کرنے والا ہے ، جس سے ہدایت حاصل ہوتی ہے ، جس سے اللہ کی رحمت ملتی ہے ۔ جو اس سچائی کی تصدیق کریں اسے مانیں ، اس پر یقین رکھیں ، اس پر ایمان لائیں وہ اس سے نفع حاصل کرتے ہیں ‘ ۔ «وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا ہُوَ شِفَاءٌ وَرَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِینَ وَلَا یَزِیدُ الظَّالِمِینَ إِلَّا خَسَارًا» ۱؎ (17-الاسراء:82) ’ یہ ہمارا نازل کردہ قرآن مومنوں کے لیے شفاء اور رحمت ہے ، ظالم تو اپنے نقصان میں ہی بڑھتے رہتے ہیں ‘ ۔ اور آیت میں ہے کہ «قُلْ ہُوَ لِلَّذِینَ آمَنُوا ہُدًی وَشِفَاءٌ وَالَّذِینَ لَا یُؤْمِنُونَ فِی آذَانِہِمْ وَقْرٌ وَہُوَ عَلَیْہِمْ عَمًی أُولٰئِکَ یُنَادَوْنَ مِن مَّکَانٍ بَعِیدٍ» ۱؎ (41-فصلت:44) ’ کہہ دے کہ یہ تو ایمانداروں کے لیے ہدایت اور شفاء ہے ۔ اللہ کے فضل و رحمت یعنی اس قرآن کے ساتھ خوش ہونا چاہیئے ۔ دنیائے فانی کے دھن دولت پر ریجھ جانے اور اس پر شادماں و فرحاں ہو جانے سے تو اس دولت کو حاصل کرنے اور اس ابدی خوشی اور دائمی مسرت کو پالینے سے بہت خوش ہونا چاہیئے ‘ ۔ ابن ابی حاتم اور طبرانی میں ہے کہ جب عراق فتح ہو گیا اور وہاں سے خراج دربار فاروق رضی اللہ عنہ میں پہنچا تو آپ رضی اللہ عنہ رضی اللہ عنہ نے اونٹوں کی گنتی کرنا چاہی لیکن وہ بے شمار تھے ۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرکے اسی آیت کی تلاوت کی ۔ تو آپ رضی اللہ عنہ کے مولیٰ عمرو نے کہا ، یہ بھی تو اللہ کا فضل و رحمت ہی ہے ۔ آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا ” تم نے غلط کہا یہ تمہارے ہمارے حاصل کردہ ہیں جس فضل و رحمت کا بیان اس آیت میں ہے وہ یہ نہیں “ ۔