سورة التوبہ - آیت 69

كَالَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ كَانُوا أَشَدَّ مِنكُمْ قُوَّةً وَأَكْثَرَ أَمْوَالًا وَأَوْلَادًا فَاسْتَمْتَعُوا بِخَلَاقِهِمْ فَاسْتَمْتَعْتُم بِخَلَاقِكُمْ كَمَا اسْتَمْتَعَ الَّذِينَ مِن قَبْلِكُم بِخَلَاقِهِمْ وَخُضْتُمْ كَالَّذِي خَاضُوا ۚ أُولَٰئِكَ حَبِطَتْ أَعْمَالُهُمْ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ ۖ وَأُولَٰئِكَ هُمُ الْخَاسِرُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

مثل ان لوگوں کے جو تم سے پہلے تھے (١) تم سے وہ زیادہ قوت والے تھے اور زیادہ مال اولاد والے تھے پس وہ اپنا دینی حصہ برت گئے پھر تم نے بھی اپنا حصہ برت لیا (٢) جیسے تم سے پہلے کے لوگ اپنے حصے سے فائدہ مند ہوئے تھے اور تم نے بھی اس طرح مذاقانہ بحث کی جیسے کہ انہوں نے کی تھی (٣) ان کے اعمال دنیا اور آخرت میں غارت ہوگئے یہی لوگ نقصان پانے والے ہیں۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

ان لوگوں کو بھی اگلے لوگوں کی طرح عذاب پہنچے ان لوگوں کو بھی اگلے لوگوں کی طرح عذاب پہنچے ، «خَلَاقِ» سے مراد یہاں دین ہے ، جیسے اگلے لوگ جھوٹ اور باطل میں کودتے پھاندتے رہے ، ایسے ہی ان لوگوں نے بھی کیا ۔ ان کے یہ فاسد اعمال اکارت گئے نہ دنیا میں سود مند ہوئے نہ آخرت میں ثواب دلانے والے ہوئے یہی صریح نقصان ہے کہ عمل کیا اور ثواب نہ ملا ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں جیسے آج کی رات کل کی رات سے مشابہ ہوتی ہے اسی طرح اس امت میں بھی یہودیوں کی مشابہت آ گئی ۔ میرا تو خیال ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے ” اس کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ تم اپنے سے پہلے کے لوگوں کے طریقوں کی تابعداری کرو گے بالکل بالشت بہ بالشت اور ذراع بہ ذراع اور ہاتھ بہ ہاتھ یہاں تک کہ وہ اگر کسی گوہ کے بل میں گھسے ہیں تو یقیناً تم بھی گھسو گے “ ۔ لوگوں نے پوچھا : ” اس سے مراد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کون لوگ ہیں ؟ کیا اہل کتاب “ ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اور کون “ ؟ ۱؎ (صحیح بخاری:3456) اس حدیث کو بیان فرما کر ابوہریرہ نے فرمایا اگر چاہو تو قرآن کے ان لفظوں کو پڑھ لو «کَالَّذِینَ مِن قَبْلِکُمْ» (9-التوبہ:69) سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ” «خَلَاقِ» سے مراد دین ہے ۔ اور تم نے بھی اسی طرح کا خوض کیا جس طرح کا انہوں نے کیا “ ۔ لوگوں نے پوچھا : ” کیا فارسیوں اور رومیوں کی طرح “ ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اور لوگ ہیں ہی ہیں کون “ ؟ ۱؎ (سنن ابن ماجہ:3994،قال الشیخ الألبانی:حسن صحیح) اس حدیث کے شواہد صحیح احادیث میں بھی ہیں ۔