هُوَ الَّذِي خَلَقَكُم مِّن نَّفْسٍ وَاحِدَةٍ وَجَعَلَ مِنْهَا زَوْجَهَا لِيَسْكُنَ إِلَيْهَا ۖ فَلَمَّا تَغَشَّاهَا حَمَلَتْ حَمْلًا خَفِيفًا فَمَرَّتْ بِهِ ۖ فَلَمَّا أَثْقَلَت دَّعَوَا اللَّهَ رَبَّهُمَا لَئِنْ آتَيْتَنَا صَالِحًا لَّنَكُونَنَّ مِنَ الشَّاكِرِينَ
اور اللہ تعالیٰ ایسا ہے جس نے تم کو ایک تن واحد سے پیدا کیا (١) اور اسی سے اس کا جوڑا بنایا (٢) تاکہ وہ اس اپنے جوڑے سے انس حاصل کرے (٣) پھر جب بیوی سے قربت حاصل کی (٤) اس کو حمل رہ گیا ہلکا سا۔ سو وہ اس کو لئے ہوئے چلتی پھرتی رہی (٥) پھر جب وہ بوجھل ہوگئی تو دونوں میاں بیوی اللہ سے جو ان کا مالک ہے دعا کرنے لگے اگر تم نے ہم کو صحیح سلامت اولاد دے دی تو ہم خوب شکر گزاری کریں گے (٦)۔
ایک ہی باپ ایک ہی ماں اور تمام نسل آدم تمام انسانوں کو اللہ تعالیٰ نے صرف آدم علیہ السلام سے ہی پیدا کیا , انہی سے ان کی بیوی حواء کو پیدا کیا . پھر ان دونوں سے نسل انسان جاری کی ۔ جیسے فرمان ہے «یَا أَیٰہَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاکُم مِّن ذَکَرٍ وَأُنثَیٰ وَجَعَلْنَاکُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا إِنَّ أَکْرَمَکُمْ عِندَ اللہِ أَتْقَاکُمْ» ۱؎ (49-الحجرات:13) ’ لوگو ! ہم نے تمہیں ایک ہی مرد و عورت سے پیدا کیا ہے , پھر تمہارے کنبے اور قبیلے بنا دیئے تاکہ آپس میں ایک وسرے کو پہچانتے رہو ۔ اللہ کے ہاں سب سے زیادہ ذی عزت وہ ہے جو پرہیزگاری میں سب سے آگے ہے ۔ ‘ سورۃ نساء کے شروع میں ہے «یَا أَیٰہَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّکُمُ الَّذِی خَلَقَکُم مِّن نَّفْسٍ وَاحِدَۃٍ وَخَلَقَ مِنْہَا زَوْجَہَا وَبَثَّ مِنْہُمَا رِجَالًا کَثِیرًا وَنِسَاءً» ۱؎ (4-النساء:1) ’ اے لوگو اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم سب کو ایک ہی شخص یعنی آدم علیہ السلام سے پیدا کیا ہے ۔ انہی سے ان کی بیوی کو پیدا کیا ، پھر ان دونوں میاں بیوی سے بہت سے مرد و عورت پھیلا دیئے ۔ ‘ یہاں فرماتا ہے کہ انہی سے ان کی بیوی کو بنایا تاکہ یہ آرام اٹھائیں ۔ چنانچہ ایک اور آیت میں ہے : «وَمِنْ آیَاتِہِ أَنْ خَلَقَ لَکُم مِّنْ أَنفُسِکُمْ أَزْوَاجًا لِّتَسْکُنُوا إِلَیْہَا وَجَعَلَ بَیْنَکُم مَّوَدَّۃً وَرَحْمَۃً» ۱؎ (30-الروم:21) ’ لوگو ! یہ بھی اللہ کی ایک مہربانی ہے کہ اس نے تمہارے لیے تمہاری بیویاں بنا دیں تاکہ تم ان سے سکون و آرام حاصل کرو اور اس نے تم میں باہم محبت و الفت پیدا کر دی ۔ پس یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے چاہت ہے جو میاں بیوی میں وہ پیدا کر دیتا ہے ۔ ‘ اسی لیے جادوگروں کی برائی بیان کرتے ہوئے قرآن نے فرمایا کہ وہ اپنی مکاریوں سے میاں بیوی میں جدائی ڈلوا دیتے ہیں ۔ عورت مرد کے ملاپ سے بحکم الٰہی عورت کو حمل ٹھہر جاتا ہے ۔ جب تک وہ نطفے ، خون اور لوتھڑے کی شکل میں ہوتا ہے ہلکا سا رہتا ہے ، وہ برابر اپنے کام کاج میں آمد و رفت میں لگی رہتی ہے ، کوئی ایسی زیادہ تکلیف اور بار نہیں معلوم ہوتا اور اندر ہی اندر وہ برابر بڑھتا رہتا ہے ۔ اسے تو یونہی کبھی کچھ وہم سا ہوتا ہے کہ شاید کچھ ہو ۔ کچھ وقت یونہی گزر جانے کے بعد بوجھ معلوم ہونے لگتا ہے ، حمل ظاہر ہو جاتا ہے ، بچہ پیٹ میں بڑا ہو جاتا ہے ، طبیعت تھکنے لگتی ہے ، اب ماں باپ دونوں اللہ سے دعائیں کرنے لگتے ہیں کہ اگر وہ ہمیں صحیح سالم بیٹا عطا فرمائے تو ہم شکر گزاری کریں گے ۔ ڈر لگتا ہے کہ کہیں کچھ اور بات نہ ہو جائے ۔ اب جبکہ اللہ تعالیٰ نے مہربانی فرمائی اور صحیح سالم انسانی شکل و صورت کا بچہ عطا فرمایا تو اللہ کے ساتھ شرک کرنے لگتے ہیں ۔ مفسرین نے اس جگہ بہت سے آثار و احادیث بیان کئے ہیں جنہیں میں یہاں نقل کرتا ہوں اور ان میں جو بات ہے ، وہ بھی بیان کروں گا ۔ پھر جو بات صحیح ہے ، اسے بتاؤں گا ۔ ان شاءاللہ ۔ مسند احمد میں ہے کہ { جب حواء کو اولاد ہوئی تو ابلیس گھومنے لگا ، ان کے بچے زندہ نہیں رہتے تھے ۔ شیطان نے سکھایا کہ اب اس کا نام عبدالحارث رکھ دے تو یہ زندہ رہے گا چنانچہ انہوں نے یہی کیا اور یہی ہوا اور اصل میں یہ شیطانی حرکت تھی اور اسی کا حکم تھا ۔ } ۱؎ (سنن ترمذی:3077 ، قال الشیخ الألبانی:ضعیف) امام ترمذی رحمہ اللہ نے بھی اسے نقل کرنے کے بعد فرمایا ہے کہ یہ حدیث حسن غریب ہے ۔ میں کہتا ہوں ، اس حدیث میں کئی کمزوریاں ہیں : ایک تو یہ کہ اس کے ایک راوی عمر بن ابراہیم مصری کی بابت امام ابوحاتم رازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ یہ راوی ایسا نہیں کہ اس سے حجت پکڑی جائے ، گو امام ابن معین رحمہ اللہ نے اس کی توثیق کی ہے ۔ لیکن ابن مردویہ رحمہ اللہ نے اسے معمر سے ، اس نے اپنے باپ سے ، اس نے سمرہ رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً روایت کیا ہے ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔ دوسرے یہ کہ یہی روایت موقوفاً سمرہ کے اپنے قول سے مروی ہوئی ہے جو کہ مرفوع نہیں ۔ ابن جریر رضی اللہ عنہ میں خود سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ کا اپنا فرمان ہے کہ ” آدم علیہ السلام نے اپنے لڑکے کا نام عبدالحارث رکھا ۔ “ تیسرے اس آیت کی تفسیر اس کے راوی حسن سے اس کے علاوہ بھی مروی ہے ۔ ظاہر ہے کہ اگر یہ مرفوع حدیث ان کی روایت کردہ ہوتی تو یہ خود اس کے خلاف تفسیر نہ کرتے ۔ چنانچہ ابن جریر میں ہے , حسن رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ” آدم علیہ السلام کا واقعہ نہیں بلکہ بعض مذاہب والوں کا واقعہ ہے ۔ “ اور روایت میں آپ کا یہ فرمان منقول ہے کہ ” اس سے مراد بعض مشرک انسان ہیں جو ایسا کرتے ہیں ، “ فرماتے ہیں کہ ” یہ یہود و نصاریٰ کا فعل بیان ہوا ہے کہ اپنی اولادوں کو اپنی روش پر ڈال لیتے ہیں ۔ “ یہ سب اسنادیں حسن رحمہ اللہ تک بالکل صحیح ہیں اور اس آیت کی جو کچھ تفسیر کی گئی ہے ، اس میں سب سے بہتر تفسیر یہی ہے ۔ خیر مقصد یہ تھا کہ اتنا بڑا متقی اور پرہیزگار آدمی ایک آیت کی تفسیر میں ، ایک مرفوع حدیث قول پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم روایت کرے ، پھر اس کے خلاف خود تفسیر کرے ، یہ بالکل ان ہونی بات ہے ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ حدیث مرفوع نہیں بلکہ وہ سمرہ رضی اللہ عنہ کا اپنا قول ہے ۔ اس کے بعد یہ بھی خیال ہوتا ہے کہ بہت ممکن ہے کہ سمرہ رضی اللہ عنہ نے اسے اہل کتاب سے ماخوذ کیا ہو ۔ جیسے کعب ، وہب وغیرہ جو مسلمان ہو گئے تھے اس کا بیان بھی سنئے ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں : ” حواء علیہ السلام کے جو بچے پیدا ہوتے تھے ، ان کا نام عبداللہ ، عبیداللہ وغیرہ رکھتی تھیں ، وہ بچے فوت ہو جاتے تھے ۔ پھر ان کے پاس ابلیس آیا اور کہا : اگر تم کوئی اور نام رکھو تو تمہارے بچے زندہ رہیں گے ۔ چنانچہ ان دونوں نے یہی کیا ، جو بچہ پیدا ہوا ، اس کا نام عبدالحارث رکھا ۔ “ اس کا بیان ان آیات میں ہے ۔ اور روایت میں ہے کہ ان کے دو بچے اس سے پہلے مر چکے تھے ، اب حالت حمل میں شیطان ان کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ تمہیں معلوم بھی ہے کہ تمہارے پیٹ میں کیا ہے ؟ ممکن ہے ، کوئی جانور ہی ہو ۔ ممکن ہے ، صحیح سالم ہو گا ، زندہ رہے گا ۔ یہ بھی اس کے بہکاوے میں آ گئے اور عبدالحارث نام رکھا ، اسی کا بیان ان آیتوں میں ہے ۔ اور روایت میں ہے کہ پہلی دفعہ حمل کے وقت یہ آیا اور انہیں ڈرایا کہ میں وہی ہوں جس نے تمہیں جنت سے نکلویا ، اب یا تو تم میری اطاعت کرو ، ورنہ میں اسے یہ کر ڈالوں گا ، وہ کر ڈالوں گا وغیرہ ۔ ہر چند ڈرایا مگر انہوں نے اس کی اطاعت نہ کی ۔ اللہ کی شان وہ بچہ مردہ پیدا ہوا ۔ دوبارہ حمل ٹھہرا ، پھر یہ ملعون پھر آن پہنچا اور اسی طرح خوف زدہ کرنے لگا ، اب بھی انہوں نے اس کی اطاعت نہ کی ۔ چنانچہ یہ دوسرا بچہ بھی مردہ ہوا ۔ تیسرے حمل کے وقت یہ خبیث پھر آیا ، اب کی مرتبہ اولاد کی محبت میں آ کر انہوں نے اس کی مان لی اور اس کا نام عبدالحارث رکھا ۔ اسی کا بیان ان آیتوں میں ہے ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اس اثر کو لے کر ان کے شاگردوں کی ایک جماعت نے بھی یہی کہا ہے ۔ جیسے مجاہد ، سعید بن جبیر رحمہ اللہ ، عکرمہ رحمہ اللہ اور دوسرے طبقے میں سے قتادہ رحمہ اللہ ، سدی رحمہ اللہ وغیرہ ۔ اسی طرح سلف سے خلف تک بہت سے مفسرین نے اس آیت کی تفسیر میں یہی کہا ہے ، لیکن ظاہر یہ ہے کہ یہ اثر اہل کتاب سے لیا گیا ہے ۔ اس کی ایک بڑی دلیل یہ ہے کہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما اسے ابی ابن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں جیسے کہ ابن ابی حاتم میں ہے ، پس ظاہر ہے کہ یہ اہل کتاب کے آثار سے ہے ۔ جن کی بابت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ { ان کی باتوں کو نہ سچی کہو نہ جھوٹی ۔ } ۱؎ (سنن ابوداود:3644 ، قال الشیخ الألبانی:ضعیف) ان کی روایات تین طرح کی ہیں : ایک تو وہ جن کی صحت ہمارے ہاں کسی آیت یا حدیث سے ہوتی ہے ۔ دوسرا وہ جن کی تکذیب کسی آیت یا حدیث سے ہوتی ہو ۔ تیسرا وہ جس کی بابت کوئی ایسا فیصلہ ہمارے دین میں نہ ملے تو بقول نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم { اس روایت کے بیان میں تو کوئی حرج نہیں ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:3461) لیکن تصدیق ، تکذیب جائز نہیں ۔ میرے نزدیک تو یہ اثر دوسری قسم کا ہے یعنی ماننے کے قابل نہیں اور جن صحابہ رضی اللہ عنہم اور تابعین رحمہ اللہ علیہم سے یہ مروی ہے ، انہوں نے اسے تیسری قسم کا سمجھ کر روایت کر دیا ہے ۔ امام حسن بصری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ” مشرکوں کا اپنی اولاد کے معاملے میں اللہ کے ساتھ کرنے کا بیان ان آیتوں میں ہے نہ کہ آدم و حواء کا ۔ “ پس اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اللہ اس شرک سے اور ان کے شریک ٹھہرانے سے بلند و بالا ہے ۔ ان آیات میں یہ ذکر اور ان سے پہلے آدم و حواء کا ذکر مثل تمہید کے ہے کہ ان اصلی ماں باپ کا ذکر کر کے پھر اور ماں باپوں کا ذکر ہوا ، اور ان ہی کا شرک بیان ہوا ۔ ذکر شخص سے ذکر جنس کی طرف استطراد کے طور پر ، جیسے آیت «وَلَقَدْ زَیَّنَّا السَّمَاءَ الدٰنْیَا بِمَصَابِیحَ وَجَعَلْنَاہَا رُجُومًا لِّلشَّیَاطِینِ» ۱؎ (67-الملک:5) میں ہے یعنی ’ ہم نے دنیا کے آسمان کو ستاروں سے زینت دی اور انہیں شیطانوں پر انگارے برسانے والا بنایا ۔ ‘ اور یہ ظاہر ہے کہ جو ستارے زینت کے ہیں ، وہ جھڑتے نہیں ، ان سے شیطانوں کو مار نہیں پڑتی ۔ یہاں بھی استطراد تاروں کی شخصیت سے تاروں کی جنس کی طرف ہے ۔ اس کی اور بھی بہت سی مثالیں قرآن کریم میں موجود ہیں ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔