سورة الهمزة - آیت 0

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

شروع کرتا ہوں میں اللہ تعالیٰ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے (سورۃ الہمزۃ۔ سورۃ نمبر ١٠٤۔ تعداد آیات ٩)

تفسیر فہم القرآن - میاں محمد جمیل ایم اے

بسم اللہ الرحمن الرحیم سورۃ الہمزہ کا تعارف : اس کا نام اس کے تیسرے لفظ میں موجود ہے۔ اس کا ایک رکوع ہے جو نو آیات پر محیط ہے یہ سورت مکہ کے ابتدائی دور میں نازل ہوئی اس میں انسان کو تین بری عادتوں سے بچنے کی تلقین کی گئی ہے۔ جس میں ایک عادت مال کے بارے میں حد سے زیادہ حریص ہونا ہے۔ حریص انسان سمجھتا ہے کہ اس کا مال ہمیشہ رہے گا حالانکہ نہ اس کا مال ہمیشہ رہے گا نہ وہ خود باقی رہے گا۔ ایسے شخص کو اللہ تعالیٰ کی بھڑکائی ہوئی آگ میں پھینکا جائے گا جس میں جہنمیوں کو ڈھانپ دیا جائے گا۔