بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
شروع اللہ کے نام سے جو بیحد مہربان نہایت رحم والا ہے
ف 4 یہ سورۃ بالاتفاق مدنی ہے اور اس کا دوسرا نام’’ سورۃ النبی‘‘ بھی ہے۔ اس کی ابتدائی آیات دو واقعات کے سلسلے میں نازل ہوئیں۔ ایک یہ کہ آنحضرت)ﷺ( حضرت زینب بنت جحش(رض) کے ہاں جا کر دودھ اور شہد پیا کرتے تھے۔ حضرت عائشہ (رض)اور حفصہ(رض) نے باہم طے کیا کہ ہم میں سے جس کے پاس آنحضرت(ﷺ) تشریف لائیں وہ آپ سے یہ کہے کہ مجھے آپ کے منہ سےعرفط (ایک قسم کا گوند) کی بو آتی ہے چنانچہ حفصہ (رض)کے پاس تشریف لائے تو انہوں نے آپ سے یہی بات کہی۔ آپ(ﷺ) نے فرمایا ” نہیں میں نے تو زینب(رض) کے ہاں شہد پیا تھا۔ اب آئندہ سے یہ شہد نہ پیوں گا۔ (بخاری) دوسرا واقعہ یہ یبان کیا جاتا ہے کہ آنحضرت(ﷺ) کی ایک لونڈی تھی جس سے آپ(ﷺ)صحبت فرماتے تھے حضرت عائشہ(رض) اور حفصہ(رض) نے زور دیا کہ اس سے آپ تعلق نہ رکھیں۔ ان کے مسلسل اصرار پر آپ نے اسے اپنے اوپر حرام کرلیا۔ یہ روایت سنن نسائی حاکم وغیرہ میں حضرت انس (رض)سے مروی ہے۔ دوسری روایت میں اس لونڈی کا نام ماریہ قبطیہ مذکور ہے اور ساتھ ہی آپ نے حفصہ(رض) کو تاکید کی کہ کسی دوسری بیوی سے اس کا ذکر نہ کرنا مگر انہوں نے حضرت عائشہ(رض) سے اس کا ذکر دیا۔ اس کی اللہ تعالیٰ نے وحی کے ذریعے آپ کو اطلاع دی۔ (شوکانی)