سورة الشورى - آیت 25

وَهُوَ الَّذِي يَقْبَلُ التَّوْبَةَ عَنْ عِبَادِهِ وَيَعْفُو عَنِ السَّيِّئَاتِ وَيَعْلَمُ مَا تَفْعَلُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

وہی ہے جو اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتا ہے (١) اور گناہوں سے درگزر فرماتا ہے اور جو کچھ تم کر رہے ہو (سب) جانتا ہے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 1 یعنی بندوں کے تمام اعمال کا علم رکھنے کے باوجود وہ ان کی توبہ قبول کرتا اور ان کی برائیاں معاف فرماتا ہے بشرطیکہ وہ صدق دل سے اس کی طرف رجوع کریں۔ اس آیت میں توبہ کی ترغیب ہے اور ایک حدیث میں بھی ہے۔ جب بندہ اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس شخص کی بنسبت کہیں زیادہ خوش ہوتا ہے جس کا اونٹ کسی جنگل بیابان میں گم ہوگیا۔ اس اونٹ کی پیٹھ پر اسکا کھانے پینے کا سامان بھی تھا، جب وہ مایوس ہو کر مرنے کو ایک درخت کے نیچے لیٹ گیا تو یکایک کیا دیکھتا ہے کہ اس کی سواری اس کے سامنے کھڑی ہے وہ فرط مسرت سے اللہ تعالیٰ کو یوں خطاب کرتا ہے، اے اللہ تو میرا بندہ اور میں تیرا رب ہوں۔ ( ابن کثیر)۔