وَاقْصِدْ فِي مَشْيِكَ وَاغْضُضْ مِن صَوْتِكَ ۚ إِنَّ أَنكَرَ الْأَصْوَاتِ لَصَوْتُ الْحَمِيرِ
اپنی رفتار میں میانہ روی اختیار کر (١) اور اپنی آواز پست کر (٢) یقیناً آوازوں میں سب سے بدتر آواز گدھوں کی آواز ہے۔
ف 2 یعنی شریف لوگوں کی طرح وقار اور سکون سے چلا کر۔ جیسا کہ دوسری آیت میں اہل ایمان کی یہ صفت بیان کی گئی ہے۔ کهİ يَمْشُونَ عَلَى الْأَرْضِ هَوْنًاĬ کہ وہ زمین پر وقار و سکون سے چلتے ہیں۔ (فرقان 63) تیز چلنا جبکہ اس کی ضرورت ہو اور اس میں اعتدال پایا جائے۔ ” وقار“ کے خلاف نہیں ہے۔ آنحضرت ﷺجب چلتے تو تیز چلتے اور آگے کو زور دیتے ہوئے چلتے گویا آپ ڈھلان سے اتر رہے ہیں۔ (شوکانی) ف 3 یعنی شریف لوگوں کی طرح پرسکون اور دھیمے لہجہ میں بات کر، نہ کہ گدھے کی طرح چلا کر، اس لئے کہ چلا کر بولنے سے سننے والے کو تکلیف ہوتی ہے۔ (شوکانی) ف 4 کیونکہ وہ چلا کرہوتی ہے۔ یہاں پر حضرت لقمان کے نصائح ختم ہوئے آگے پھر توحید کے دلائل اور مشرکین کی توبیخ و تبکیت کی طرف رجوع کیا جس کے ساتھ سورۃ کی ابتدا ہوئی تھی (شوکانی)