سورة الاعراف - آیت 65

وَإِلَىٰ عَادٍ أَخَاهُمْ هُودًا ۗ قَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَٰهٍ غَيْرُهُ ۚ أَفَلَا تَتَّقُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور ہم نے قوم عاد کی طرف ان کے بھائی ہود (علیہ السلام) کو بھیجا (١)، انہوں نے فرمایا اے میری قوم! تم اللہ کی عبادت کرو اس کے سوا کوئی تمہارا معبود نہیں سو کیا تم نہیں ڈرتے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 3 عاد عرب کی ایک قدیم ترین قوم تھی، جو جنوب عرب میں ابادتھی، قرآن کے بیان کے مطابق اس کا مسکن ’’احقاف‘‘کا علاقہ تھا جو حجاز یمن اور عمان کے دورمیان واقع ہے اور اب’’ ربع خالی ‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ یمن کاشہر حضرموت ان کاپا یہ تخت تھا۔ ان کا نسب یوں مذکور ہے، عاد بن عوض بن ارم بن سام بن نو ح۔ ( ابو لفدا) ہود ( علیہ السلام) کی قوم عاد، قرآن میں عاد ارم یا عاداولی ٰ کے نام سے مذکور ہے، ’’حضرموت‘‘ کے قریب ایک مقام پر حضرت ہود ( علیہ السلام) کی قبر بتائی جاتی ہے ( المنار بحوالہ تاریخ بخاری) حضرت ہود پہلے شخص ہیں جنہوں نے بو لنے میں عربی زبان استعمال کی۔یمنی ان کے بیٹے قحطان کے اور نجد وحجاز کے تمام عرب ان کے لڑکے فالغ کی اولاد ہیں . ( ابن عساکر )