سورة المآئدہ - آیت 92

وَأَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَاحْذَرُوا ۚ فَإِن تَوَلَّيْتُمْ فَاعْلَمُوا أَنَّمَا عَلَىٰ رَسُولِنَا الْبَلَاغُ الْمُبِينُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اللہ اور رسول کی اطاعت کرو اور ڈرواگر تم پھر جاؤ تو جان لو کہ ہمارے رسول کے ذمہ واضح طور پر پہنچادینا ہے (٩٢)

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ اَطِيْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ: یعنی جوئے اور شراب سے باز رہنا اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت ہے۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی مخالفت سے بچ جاؤ۔ (رازی، قرطبی) یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت سے مراد قرآن و سنت کی پیروی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( أَلاَ اِنِّيْ أُوْتِيْتُ الْكِتَابَ وَ مِثْلَهُ مَعَهُ )) ’’مجھے کتاب یعنی قرآن دیا گیا ہے اور اس جیسی ایک اور چیز (حدیث) بھی۔‘‘ [أبو داؤد، السنۃ، باب فی لزوم السنۃ:۴۶۰۴ وصححہ الألبانی ] فَاِنْ تَوَلَّيْتُمْ.... : اس میں ان لوگوں کے لیے وعید ہے جو اس حکم قطعی کے باوجود شراب نوشی اور جوئے سے باز نہیں آتے۔ (کبیر)