سورة البينة - آیت 1

لَمْ يَكُنِ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ وَالْمُشْرِكِينَ مُنفَكِّينَ حَتَّىٰ تَأْتِيَهُمُ الْبَيِّنَةُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اہل کتاب اور مشرکین میں سے جو لوگ کافر تھے وہ باز آنے والے نہ تھے جب تک کہ ان کے پاس روشن دلیل نہ آ جائے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

لَمْ يَكُنِ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا ....: ’’ مُنْفَكِّيْنَ ‘‘ ’’فَكَّ يَفُكُّ فَكًّا‘‘ (ن) ’’اَلشَّيْءَ‘‘ کسی چیز کو دوسری سے جدا کرنا، ’’اَلْعُقْدَةَ‘‘ گرہ کھولنا اور ’’اَلْخَتَمَ‘‘ مہر توڑنا۔ ’’اِنْفَكَّ يَنْفَكُّ‘‘ (انفعال) ایک چیز کا دوسری چیز سے الگ ہونا جس کے ساتھ وہ خوب جڑی ہوئی تھی، جیسے ’’اِنْفَكَّ الْعَظْمُ‘‘ ’’ہڈی اپنے جوڑ سے الگ ہو گئی۔‘‘ ’’ مُنْفَكِّيْنَ ‘‘ اسم فاعل ہے، (اپنے کفر سے) باز آنے والے، الگ ہونے والے۔یعنی پیغمبر آخرالزماں اور قرآن بھیجنے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ اہلِ کتاب (یہود و نصاریٰ) اور مشرکینِ عرب کو راہِ حق پر لایا جائے، کیونکہ یہ لوگ اس قدر بگڑے ہوئے تھے کہ ان کا راہ حق پر آنا اس کے بغیر ممکن نہ تھا کہ ایک پیغمبر آئے جو ایک مقدس آسمانی کتاب لائے جس میں عمدہ و دل نشین مضامین ہوں اور وہ انھیں پڑھ کر سنائے، کسی حکیم یا صوفی یا عادل بادشاہ کے بس کی بات نہ تھی کہ انھیں راہِ راست پر لے آتا۔ (اشرف الحواشی)