سورة النبأ - آیت 6

أَلَمْ نَجْعَلِ الْأَرْضَ مِهَادًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کیا یہ حقیقت نہیں کہ ہم نے زمین کو فرش بنایاہے۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

اَلَمْ نَجْعَلِ الْاَرْضَ مِهٰدًا : اللہ تعالیٰ نے قیامت کا یقین دلانے کے لیے اور ان کی عقلوں کو جھنجھوڑنے کے لیے اپنی قدرت کے چند عجائب پیش فرمائے ہیں کہ عقل سے پوچھو کہ اتنے بڑے بڑے کام کرنے والے کے لیے تمھیں دوبارہ زندہ کرنا کیا مشکل ہے؟ اور وہ عجائب بھی خود تمھارے گردو پیش اور تمھاری ذات میں موجود ہیں۔ 2۔ فرمایا جہاں رہتے ہو اسی کو دیکھ لو، کیا عقل میں آسکتا ہے کہ اتنی بڑی زمین کو ہم نے کس طرح پیدا کیا اور کس طرح بچھونے کی طرح بچھا دیا ہے ؟