سورة آل عمران - آیت 157

وَلَئِن قُتِلْتُمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَوْ مُتُّمْ لَمَغْفِرَةٌ مِّنَ اللَّهِ وَرَحْمَةٌ خَيْرٌ مِّمَّا يَجْمَعُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اگر اللہ تعالیٰ کی راہ میں قتل کئے جاؤ یا اپنی موت مر جاؤ تو بے شک اللہ کی بخشش و رحمت اس سے بہتر ہے جسے وہ جمع کر رہے ہیں

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

یعنی اگر تمھارا مرنا یا قتل ہونا اللہ تعالیٰ کی راہ میں ہے تو یہ یقینا تمہارے لیے مغفرت اور رحمت کا سبب بنے گا اور یہ مغفرت و رحمت اس مال و متاع سے بہتر ہے جس کے جمع کرنے کی فکر میں یہ کفار اور منافقین ہر آن لگے رہتے ہیں، یہ ان کے شبہ کا دوسرا جواب ہے۔ ”لَمَغْفِرَةٌ“ اور ”وَ رَحْمَةٌ“ میں تنوین تقلیل کے لیے ہے، اس لیے ترجمہ ’’ تھوڑی سی بخشش اور رحمت‘‘ کیا گیا ہے۔