سورة الروم - آیت 14

وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ يَوْمَئِذٍ يَتَفَرَّقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جس دن قیامت برپا ہوگی اس دن لوگ الگ گروہوں میں بٹ جائیں گے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ يَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَةُ يَوْمَىِٕذٍ يَّتَفَرَّقُوْنَ: دنیا میں مومن و کافر اور موحد و مشرک اکٹھے رہ رہے ہیں، ان کے درمیان وطن، نسب، کاروبار، پیشے اور دوستی وغیرہ کے تعلقات بھی ہوتے ہیں، مگر قیامت کے دن ان کے درمیان ایسی جدائی واقع ہو جائے گی کہ پھر کبھی اکٹھے نہیں ہوں گے، چنانچہ کہا جائے گا : ﴿ وَ امْتَازُوا الْيَوْمَ اَيُّهَا الْمُجْرِمُوْنَ﴾ [ یٰس : ۵۹ ] ’’اور الگ ہو جاؤ آج اے مجرمو!‘‘ اور تمام اہل محشر دو گروہوں میں تقسیم ہو جائیں گے، فرمایا : ﴿ فَرِيْقٌ فِي الْجَنَّةِ وَ فَرِيْقٌ فِي السَّعِيْرِ ﴾ [الشورٰی : ۷ ] ’’ایک گروہ جنت میں ہو گا اور ایک گروہ بھڑکتی آگ میں۔‘‘