سورة الكهف - آیت 84
إِنَّا مَكَّنَّا لَهُ فِي الْأَرْضِ وَآتَيْنَاهُ مِن كُلِّ شَيْءٍ سَبَبًا
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
ہم نے اسے زمین میں اقتدار دیا اور اسے ہر قسم کے اسباب و وسائل عطا کیے تھے۔“
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
اِنَّا مَكَّنَّا لَهٗ فِي الْاَرْضِ....: ’’ مَكَّنَّا ‘‘ سے مراد حکومت و اقتدار ہے۔ دیکھیے سورۂ حج (۴۱) ہر چیز میں سے کچھ سامان سے مراد وہ تمام وسائل ہیں جن کی اقتدار کے لیے ضرورت ہوتی ہے، مثلاً شجاعت، قوت، تدبیر و رائے، فوج، دولت، اسلحہ، سامان سفر، تعمیر و ترقی کے ذرائع وغیرہ۔ ان اسباب کی تفصیل میں بعض مفسرین کی اسرائیلی روایات پر مبنی عجیب و غریب روایات کی کچھ حیثیت نہیں اور نہ کسی صحیح حدیث میں ان کا پتا ملتا ہے۔