سورة الإسراء - آیت 3
ذُرِّيَّةَ مَنْ حَمَلْنَا مَعَ نُوحٍ ۚ إِنَّهُ كَانَ عَبْدًا شَكُورًا
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
”اے ان لوگوں کی اولاد! جنھیں ہم نے نوح کے ساتھ سوار کیا ! بے شک وہ بہت شکر گزار بندہ تھا۔“
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
ذُرِّيَّةَ مَنْ حَمَلْنَا مَعَ نُوْحٍ....:’’ ذُرِّيَّةَ ‘‘ سے پہلے ’’يَا‘‘ حرف ندا محذوف ہے، ’’اے ان لوگوں کی اولاد…!‘‘ یعنی تم ان صالح لوگوں کی اولاد ہو جنھیں ہم نے نوح علیہ السلام کے ساتھ کشتی میں سوار کرکے نجات بخشی۔ مقصد بنی اسرائیل کو ایمان اور عمل صالح پر ابھارنا ہے کہ دیکھو تم کن لوگوں کی اولاد ہو، تمھارے لیے اپنے صالح آبا و اجداد کے نقش قدم پر چل کر ایک اللہ کی عبادت کا پابند رہنا، اپنے باپ نوح علیہ السلام کی طرح ہر وقت اسی کا شکر گزار رہنا اور اس کے سوا کسی کو اپنا وکیل، کارساز اور بھروسے کے قابل نہ سمجھنا لازم ہے۔