سورة البقرة - آیت 181

فَمَن بَدَّلَهُ بَعْدَمَا سَمِعَهُ فَإِنَّمَا إِثْمُهُ عَلَى الَّذِينَ يُبَدِّلُونَهُ ۚ إِنَّ اللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جو شخص اسے سننے کے بعد بدل دے اس کا گناہ بدلنے والوں پر ہی ہوگا۔ بے شک اللہ تعالیٰ سننے والا جاننے والا ہے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وصیت کا بدلنا بڑا گناہ ہے، اس میں وصیت کا چھپانا بھی داخل ہے۔ ”جَنَفًا“ ’’مائل ہونا‘‘ یعنی اگر کسی کی طرف دلی میلان کی وجہ سے وصیت میں اس کی نامناسب طرف داری ہو۔ ”اَوْ اِثْمًا“ یا ناجائز کام کی وصیت ہو، مثلاً شراب پلانے کی، ناچ کرانے کی، کسی قبر پر چراغاں کرنے یا میلہ اور عرس کرانے کی تو ایسی وصیت کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔ ایک تفسیر یہ ہے کہ ”جَنَفًا“ سے مراد دلی میلان کی بنا پر غلطی یا بھول چوک سے طرف داری ہو جائے اور ”اِثْمًا“ سے مراد جان بوجھ کر کسی کی حق تلفی ہو۔ ”فَاَصْلَحَ بَيْنَهُمْ“ یعنی وارثوں کو سمجھا بجھا کر ان میں صلح کرا دے۔