سورة الحجر - آیت 2

رُّبَمَا يَوَدُّ الَّذِينَ كَفَرُوا لَوْ كَانُوا مُسْلِمِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” وقت آئے گا وہ لوگ جو کافر ہوئے چاہیں گے، کاش ! وہ مسلمان ہوتے۔“

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

رُبَمَا:’’رُبَّ ‘‘ حرف جر ہے، ’’مَا‘‘ بمعنی وقت۔ ’’رُبَّ ‘‘ کا لفظ تقلیل کے لیے آتا ہے، یعنی کسی وقت، جیسے : ’’رُبَّ أَخٍ لَمْ تَلِدْهُ اُمُّكَ‘‘ ’’کئی بھائی ہیں جنھیں تیری ماں نے نہیں جنا‘‘ اور تکثیر کے لیے بھی، مثلاً ’’رُبَّمَا يَنْجُو الذَّكِيُّ‘‘ ’’بہت دفعہ ذہین آدمی کامیاب ہو جاتا ہے۔‘‘ فرق موقع کو ملحوظ رکھ کر ہوتا ہے، مثلاً یہی مثال اگر اس طرح ہو کہ ’’رُبَّمَا يَنْجُ الْكَسُوْلُ ‘‘ تو معنی ہو گا ’’کسی وقت سست آدمی بھی کامیاب ہو جاتا ہے۔‘‘ اس آیت میں بعض علماء نے یہ لفظ تقلیل کے لیے قرار دیا ہے، یعنی ’’کسی وقت ‘‘ اور بعض نے تکثیر کے لیے، یعنی بہت بار، صاحب مغنی اللبیب کے بقول یہاں یہی معنی راجح ہے، کیونکہ مرنے کے بعد کفار کا ہر لمحہ اسی حسرت میں گزرے گا۔ ’’لَوْ ‘‘ تمنی کے لیے ہے۔ ایسی چیز کی خواہش جو ناممکن ہو تمنی کہلاتی ہے، ممکن کی خواہش ’’ترجّی‘‘ کہلاتی ہے۔ يَوَدُّ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا: یہ سورت مکی ہے، جب مسلمان ہر طرح کمزور اور مغلوب تھے تو اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کو تسلی دی کہ وہ وقت آ رہا ہے جب یہ کافر چاہیں گے کہ کاش! وہ مسلمان ہوتے، مگر وقت نکل جانے کے بعد کسی کام کی خواہش کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس وقت سے مراد دنیا میں ایسے مواقع بھی ہیں جب مسلمانوں کو فتح و کامرانی اور کفار کو شکست و رسوائی حاصل ہو گی، جیسے بدر، خیبر اور فتح مکہ وغیرہ اور کفار چاہیں گے کہ اس وقت مسلمان ہوتے تو ہمیں بھی یہ عزت و غنیمت ملتی اور موت کے وقت بھی اس تمنا کا اظہار کریں گے، جیسا کہ فرمایا : ﴿ حَتّٰى اِذَا جَآءَ اَحَدَهُمُ الْمَوْتُ قَالَ رَبِّ ارْجِعُوْنِ (99) لَعَلِّيْ اَعْمَلُ صَالِحًا فِيْمَا تَرَكْتُ كَلَّا اِنَّهَا كَلِمَةٌ هُوَ قَآىِٕلُهَا ﴾ [ المؤمنون : ۹۹، ۱۰۰ ] ’’یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کے پاس موت آتی ہے تو کہتا ہے اے میرے رب! مجھے واپس بھیجو، تاکہ میں جو کچھ چھوڑ آیا ہوں اس میں کوئی نیک عمل کر لوں۔ ہر گز نہیں، یہ توایک بات ہے جسے وہ کہنے والاہے۔‘‘ پھر موت کے بعد کی سختیوں میں، خصوصاً جب آگ میں داخل ہونے کو ہوں گے، فرمایا : ﴿ وَ لَوْ تَرٰى اِذْ وُقِفُوْا عَلَى النَّارِ فَقَالُوْا يٰلَيْتَنَا نُرَدُّ وَ لَا نُكَذِّبَ بِاٰيٰتِ رَبِّنَا وَ نَكُوْنَ مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ ﴾ [الأنعام : ۲۷ ] ’’اور کاش! تو دیکھے جب وہ آگ پر کھڑے کیے جائیں گے تو کہیں گے اے کاش! ہم واپس بھیجے جائیں اور اپنے رب کی آیات کو نہ جھٹلائیں اور ایمان والوں میں سے ہو جائیں۔‘‘ اور سب سے زیادہ حسرت کے ساتھ یہ خواہش اس وقت کریں گے جب مسلمانوں میں سے جہنم میں جانے والے سب کے سب جہنم سے نکال لیے جائیں گے۔ ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’جب اہل نار آگ میں جمع ہو جائیں گے اور ان کے ساتھ اہلِ قبلہ میں سے بھی وہ لوگ ہوں گے جنھیں اللہ چاہے گا تو کفار مسلمانوں سے کہیں گے : ’’کیا تم مسلم نہیں تھے؟‘‘ وہ کہیں گے : ’’کیوں نہیں؟‘‘ کفار کہیں گے : ’’پھر تمھارے اسلام نے تمھیں کیا فائدہ دیا کہ تم بھی ہمارے ساتھ آگ میں پہنچ گئے؟‘‘ وہ کہیں گے : ’’ہمارے کچھ گناہ تھے جن کی و جہ سے ہم پکڑے گئے۔‘‘ انھوں نے جو کچھ کہا اللہ تعالیٰ اسے سنے گا اور جو اہل قبلہ میں سے ہوں گے ان کے متعلق حکم دے گا اور وہ نکال لیے جائیں گے، تو جب جہنمی یہ دیکھیں گے تو کہیں گے : ’’کاش! ہم بھی مسلم ہوتے اور ہم بھی اسی طرح نکل جاتے جیسے یہ نکلے ہیں۔‘‘ (ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ نے) کہا، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھی : ﴿ الٓرٰ تِلْكَ اٰيٰتُ الْكِتٰبِ وَ قُرْاٰنٍ مُّبِيْنٍ (1) رُبَمَا يَوَدُّ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا لَوْ كَانُوْا مُسْلِمِيْنَ ﴾ [ السنۃ لابن أبي عاصم، باب ذکر من یخرج اللہ بتفضلہ من النار : ۸۴۳۔ مستدرک حاکم : ۲ ؍ ۲۴۲، ح : ۲۹۵۴ ] شیخ البانی رحمہ اللہ نے ’’ظلال السنۃ‘‘ میں اسے صحیح کہا ہے اور اس مفہوم کی کئی احادیث بیان کی ہیں۔ 3۔ ’’ مُسْلِمِيْنَ ‘‘ نکرہ ہے، اس لیے ترجمہ کیا گیا ہے کہ ’’کاش! وہ کسی طرح کے مسلمان ہوتے‘‘ یعنی گناہ گار بھی ہوتے تو آخر جہنم سے نکل ہی جاتے۔