عَالِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ الْكَبِيرُ الْمُتَعَالِ
”وہ غیب اور ظاہر کو جاننے والا، بہت بڑا اور نہایت بلندو بالا ہے۔“
عٰلِمُ الْغَيْبِ ....: ’’ الْكَبِيْرُ ‘‘ میں بھی مبالغہ ہے اور ’’ الْمُتَعَالِ ‘‘ (جو اصل میں ’’عَلَا يَعْلُوْ‘‘ کے باب تفاعل سے ’’مُتَعَالِوٌ‘‘ تھا) میں حروف زیادہ ہونے سے معنی میں مبالغہ مراد ہے۔ ’’مُتَعَالِوٌ‘‘ کی ’’واؤ‘‘ کو ’’یاء‘‘ سے بدلا تو ’’مُتَعَالِيٌ‘‘ ہوا، پھر ’’یاء‘‘ کو آیات کے آخری الفاظ (جنھیں اصطلاح میں فاصلہ، فواصل کہتے ہیں) کی موافقت اور تخفیف کے لیے حذف کر دیا گیا۔ اس میں اللہ تعالیٰ کے علم کی وسعت اور اس کی کبریائی اور بلندی کا بے حد و حساب ہونا بیان ہوا ہے، جو درحقیقت پچھلی بات ہی کی تاکید ہے۔ ’’الْغَيْبِ ‘‘ مصدر ہے، بمعنی اسم فاعل، یعنی غائب جو حواس اور بدیہ عقل سے غائب ہو۔ ’’ الشَّهَادَةِ ‘‘ مصدر بمعنی اسم فاعل ہے، یعنی جو شاہد و حاضر ہے۔ اسم فاعل کو مصدر کی صورت میں لانے سے مبالغہ مقصود ہے، جیسے ’’زَيْدٌ عَادِلٌ‘‘ کے بجائے ’’زَيْدٌ عَدْلٌ‘‘ کہتے ہیں۔