سورة ھود - آیت 112

فَاسْتَقِمْ كَمَا أُمِرْتَ وَمَن تَابَ مَعَكَ وَلَا تَطْغَوْا ۚ إِنَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِيرٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” پس جیسے آپ کو حکم دیا گیا ہے قائم رہیے اور وہ لوگ بھی جنہوں نے تیرے ساتھ توبہ کی اور تم سرکشی نہ کرو۔ یقیناً تم جو بھی عمل کرتے ہو وہ اسے خوب دیکھنے والا ہے۔“

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

فَاسْتَقِمْ كَمَاۤ اُمِرْتَ وَ مَنْ تَابَ مَعَكَ : ’’فَاسْتَقِمْ ‘‘ میں سین اور تاء کا اضافہ یا تو طلب کے لیے ہے، معنی یہ ہو گا کہ اللہ تعالیٰ سے اس طرح سیدھا اور قائم رہنے کی درخواست کرتا رہ جس طرح تجھے حکم دیا گیا ہے اور یہ اضافہ مبالغے اور تاکید کے لیے بھی ہو سکتا ہے۔ قرطبی نے فرمایا، استقامت دائیں یا بائیں طرف جائے بغیر ایک طرف کو سیدھے چلتے چلے جانا ہے۔ یہ معنی یہاں زیادہ مناسب ہے۔ پہلا معنی بھی درست ہے اور اس پر عمل کرتے ہوئے ہی ہم ہر رکعت میں صراط مستقیم کی ہدایت کی دعا کرتے ہیں۔ استقامت کا معنی باطل کے دونوں کناروں افراط اور تفریط (زیادتی اور کمی) سے بچ کر ان کے عین درمیان سیدھا رہنا ہے۔ یہ نہایت مشکل کام ہے۔ پہلے تو ہر وقت اس کا خیال رکھنا ہی مشکل ہے کہ عین صحیح راستہ کیا ہے؟ پھر اس پر قائم رہنا اس سے بھی مشکل ہے۔ رازی نے اسے ایک مثال سے سمجھایا ہے کہ دھوپ اور چھاؤں کے درمیان ایک جگہ ہے۔ اس کا معلوم کرنا اور ہر وقت اس کا خیال رکھنا کس قدر مشکل ہو گا۔ اس لیے اہل علم فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو فرمایا تھا: (( شَيَّبَتْنِيْ هُوْدٌ )) [ترمذی: ۳۲۹۷] ’’مجھے سورۂ ہود نے بوڑھا کر دیا۔‘‘ اس کا سبب انبیاء علیھم السلام کی قوموں پر عذاب کے واقعات کے بجائے یہ حکم ہے : ﴿ فَاسْتَقِمْ كَمَاۤ اُمِرْتَ ﴾ 2۔ ’’ فَاسْتَقِمْ كَمَاۤ اُمِرْتَ ‘‘ سے معلوم ہوا کہ سیدھا راستہ جس پر خوب ثابت رہنے کا حکم ہے، صرف وہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف وحی فرمایا۔ یہاں استقامت کا حکم نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور ان تمام لوگوں کو ہے جو کفر سے توبہ کر کے آپ کے ساتھ اہل ایمان میں داخل ہوئے، مگر سب کو کس چیز پر استقامت کا حکم ہے، صرف اس پر جسے ’’ كَمَاۤ اُمِرْتَ ‘‘ کے الفاظ میں بیان کیا ہے۔ یعنی صرف اس پر جس کا حکم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیا گیا ہے، کیونکہ اللہ کی طرف سے امر صرف نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ہوا ہے، آپ کے سوا ابوبکر رضی اللہ عنہ سے لے کر امت کے آخری شخص تک ایک بھی شخص ایسا نہیں جو مامور من اللہ ہو اور جسے وحی کے ذریعے سے حکم ملتا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا ایک شخص بھی ایسا نہیں جس کی رائے اللہ کا حکم یا دین ہو، جس پر امت کو قائم رہنے کا حکم ہو۔ اس سے تمام تقلیدی گروہوں کا استقامت سے ہٹ جانا ثابت ہوا۔ نجات چاہتے ہیں تو تمام لوگوں کی رائے، قیاس اور تقلیدی گروہ بندی چھوڑ کر صرف کتاب و سنت کو لازم پکڑنا ہو گا۔ 3۔ استقامت (اللہ کے حکم پر پوری طرح قائم رہنا) ایک نہایت جامع لفظ ہے، جس میں پوری شریعت آ جاتی ہے۔ عقائد میں اللہ کی صفات پر اس طرح ایمان جس طرح اس نے حکم دیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نہ کسی صفت کا انکار کرنا (تعطیل)، نہ اسے مخلوق کی صفات جیسا سمجھنا (تشبیہ) بلکہ جیسا اللہ کی شان کے لائق ہے۔ اعمال میں نہ کسی حکم پر عمل چھوڑنا (نافرمانی) اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے آگے بڑھنا یا آپ سے الگ راستہ نکالنا (رہبانیت اور بدعت)۔ اخلاق میں، مثلاً نہ بخل کرنا نہ بے جا خرچ کرنا۔ غرض ہر چیز میں عین نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا صحیح راستہ معلوم کرکے اس پر قدم بہ قدم چلنا استقامت ہے۔ سفیان بن عبد اللہ ثقفی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے کہا، یا رسول اللہ! آپ مجھے اسلام میں کوئی ایسی بات بتلائیں کہ آپ کے بعد مجھے کسی اور سے پوچھنے کی ضرورت نہ رہے؟ فرمایا : (( قُلْ آمَنْتُ بِاللّٰهِ ثُمَّ اسْتَقِمْ )) ’’کہو میں اللہ پر ایمان لایا، پھر اس پر خوب ثابت قدم رہ۔‘‘ [ مسلم، الإیمان، باب جامع أوصاف الإسلام : ۳۸ ] استقامت کے اجر اور فضیلت کے لیے دیکھیے سورۂ حٰم السجدہ (۳۰) اور احقاف ( ۱۳)۔ وَ لَا تَطْغَوْا: ’’طَغٰي يَطْغَي طُغْيَانًا ‘‘ حد سے بڑھنا، یعنی شریعت کی اطاعت کے لیے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے جو حدیں مقرر کر دی ہیں اپنے آپ کو انھی کے اندر رکھو، ان سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کرو۔ زندگی کے کسی معاملے میں بھی ان سے تجاوز حرام ہے۔ انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ تین آدمی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں کے گھروں کی طرف آئے۔ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کے بارے میں پوچھ رہے تھے، جب انھیں بتایا گیا تو گویا انھوں نے اسے کم سمجھا اور کہنے لگے : (( وَأَيْنَ نَحْنُ مِنَ النَّبِيِّ صَلَّی اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ؟ قَدْ غُفِرَ لَهٗ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهٖ وَمَا تَأَخَّرَ، قَالَ أَحَدُهُمْ أَمَّا أَنَا فَإِنِّيْ أُصَلِّي اللَّيْلَ أَبَدًا ، وَ قَالَ آخَرُ أَنَا أَصُوْمُ الدَّهْرَ وَلاَ أُفْطِرُ، وَقَالَ آخَرُ أَنَا أَعْتَزِلُ النِّسَاءَ فَلاَ أَتَزَوَّجُ أَبَدًا، فَجَاءَ إِلَيْهِمْ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ أَنْتُمُ الَّذِيْنَ قُلْتُمْ كَذَا وَ كَذَا؟ أَمَا وَاللّٰهِ ! إِنِّيْ لَأَخْشَاكُمْ لِلّٰهِ وَأَتْقَاكُمْ لَهٗ لٰكِنِّيْ أَصُوْمُ وَأُفْطِرُ، وَ أُصَلِّيْ وَأَرْقُدُ، وَ أَتَزَوَّجُ النِّسَاءَ، فَمَنْ رَغِبَ عَنْ سُنَّتِيْ فَلَيْسَ مِنِّيْ )) [ بخاری، النکاح، باب الترغیب في النکاح : ۵۰۶۳ ] ’’ہماری رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا نسبت؟ اللہ تعالیٰ نے تو آپ کے پہلے پچھلے گناہ معاف کر دیے ہیں۔‘‘ ان میں سے ایک نے کہا : ’’میں تو ہمیشہ رات بھر نماز پڑھوں گا۔‘‘ دوسرے نے کہا : ’’میں ہمیشہ روزہ رکھوں گا۔‘‘ تیسرے نے کہا : ’’میں عورتوں سے نکاح نہیں کروں گا۔‘‘ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آئے تو آپ نے فرمایا : ’’تم لوگوں نے اس اس طرح کہا ہے؟ یاد رکھو، اللہ کی قسم! میں تم سب سے زیادہ اللہ کی خشیت رکھنے والا اور تم سب سے زیادہ اس سے ڈرنے والا ہوں، لیکن میں تو روزہ رکھتا ہوں اور نہیں بھی رکھتا اور نماز پڑھتا ہوں اور سو بھی جاتا ہوں اور میں عورتوں سے نکاح بھی کرتا ہوں، تو جو شخص میری سنت (میرے طریقے) سے بے رغبتی کرے وہ مجھ سے نہیں۔‘‘ رہے روزانہ ایک ہزار رکعتیں پڑھنے والے، چالیس سال تک عشاء اور فجر ایک وضو سے پڑھنے والے، بارہ سال بھوکے جنگل میں عبادت کرنے والے حضرات، تو یا تو صاف ان پر جھوٹ باندھا گیا ہے، کیونکہ یہ انسان کے بس کی بات ہی نہیں، یا پھر وہ اسی طغیانی کا شکار تھے جس سے اللہ تعالیٰ نے منع کیا ہے۔ (نعوذ باللہ) اِنَّهٗ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِيْرٌ : یعنی استقامت اختیار کرو یا طغیانی، اللہ تعالیٰ تمھارا عمل سب دیکھ رہا ہے۔