إِنَّ اللَّهَ لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ يُحْيِي وَيُمِيتُ ۚ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ اللَّهِ مِن وَلِيٍّ وَلَا نَصِيرٍ
”بے شک اللہ ہی ہے جس کے لیے آسمانوں اور زمین کی بادشاہت ہے، وہی زندگی بخشتا اور موت دیتا ہے اور اللہ کے سوا تمھارا نہ کوئی دوست ہے اور نہ کوئی مددگار۔“
اِنَّ اللّٰهَ لَهٗ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ....: کفار سے ان کی زندگی میں اور ان کی موت کے بعد ہر طرح کی دلی لاتعلقی کا سبب بیان فرمایا کہ آسمانوں کا اور زمین کا مالک صرف اللہ، زندگی بخشنے والا اور موت دینے والا صرف اللہ، تمھارا والی وارث اور تمھارے تمام کاموں کا متولی اور سنبھالنے والا صرف اللہ، مشکل کے وقت اور دشمن کے مقابلے میں تمھارا مددگار صرف اللہ، اس کے سوا تمھارا نہ کوئی والی نہ مددگار، تو پھر اس کے دشمن سے تمھارا کیا تعلق، کیسی دوستی اور اس کے لیے کیسا استغفار ؟