لَوْ يَجِدُونَ مَلْجَأً أَوْ مَغَارَاتٍ أَوْ مُدَّخَلًا لَّوَلَّوْا إِلَيْهِ وَهُمْ يَجْمَحُونَ
” اگر وہ کوئی پناہ کی جگہ پائیں یا کوئی غاریں یاگھس بیٹھنے کی جگہ تو اس کی طرف بھاگ جائیں اس حال میں کہ وہ رسیاں تڑا رہے ہوں۔“
لَوْ يَجِدُوْنَ مَلْجَاً....:’’ مَلْجَاً ‘‘ ’’لَجَِأَ يَلْجَأُ (ف، س)‘‘سے اسم ظرف ہے، پناہ لینے کی جگہ۔’’مَغٰرٰتٍ ‘‘ ’’مَغَارَةٌ‘‘ کی جمع ہے۔ ’’غَوْرٌ‘‘ گہری جگہ کو کہتے ہیں، پہاڑ یا زمین میں کوئی غار۔ ’’ مُدَّخَلًا ‘‘ ’’دَخَلَ‘‘ سے باب افتعال میں سے ظرف ہے، حروف بڑھ جانے سے معنی میں اضافہ ہو گیا، یعنی مشکل اور مشقت سے گھس جانے کی کوئی جگہ۔ مطلب یہ ہے کہ انھیں فرار کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا، ورنہ اگر انھیں بری سے بری جگہ بھی جانے کے لیے مل جائے تو رسیاں تڑاتے ہوئے اس کی طرف بھاگ جائیں، کیونکہ بری سے بری جگہیں یہی تین ہو سکتی ہیں، جن کی طرف جایا جا سکتا ہے۔ ’’ يَجْمَحُوْنَ ‘‘ ’’جَمَحَ الْفَرَسُ‘‘ اصل میں گھوڑے کے منہ زور ہو کر سوار کے قابو سے نکل کر بھاگ جانے کو کہتے ہیں، یعنی انھیں مسلمانوں سے، ان کی مجالس اور ان کے معاشرے سے بڑا شدید بغض ہے مگر ان کا بس نہیں چلتا، اس لیے مسلم معاشرے میں رہنے اور اس کے فوائد حاصل کرنے کے لیے تمھارے سامنے تمھارا ہونے کی قسمیں کھاتے ہیں۔