سورة البقرة - آیت 112

بَلَىٰ مَنْ أَسْلَمَ وَجْهَهُ لِلَّهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَلَهُ أَجْرُهُ عِندَ رَبِّهِ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

سنو جو بھی اپنے آپ کو اللہ کے سامنے جھکا دے اور وہ نیکو کار بھی ہو تو اس کا اجر اس کے رب کے ہاں ہے۔ ان پر نہ کوئی خوف ہوگا نہ وہ غمگین ہوں گے

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

یعنی جنت میں جانے کے لیے کسی گروہ کا فرد ہونا کافی نہیں ، بلکہ اس کے لیے دو شرطیں ہیں ، ایک یہ کہ اپنا چہرہ اللہ کے تابع کر دے، چہرہ تابع ہو گیا تو پورا جسم تابع ہو گیا، پھر جو عمل کرے اسی کے لیے کرے، کسی دوسرے کا اس میں دخل نہ ہو۔ دوسری یہ کہ وہ عمل حسن (یعنی نیک) ہو، اس کی طرف اشارہ ”وَ هُوَ مُحْسِنٌ“ کے ساتھ ہے۔ نیک عمل وہی ہے جو قرآن وسنت کے مطابق ہو۔ پہلی شرط نہ ہو گی تو منافقت اور ریا کاری ہے، دوسری نہ ہو گی تو بدعت اور گمراہی ہے۔