سورة الانعام - آیت 133

وَرَبُّكَ الْغَنِيُّ ذُو الرَّحْمَةِ ۚ إِن يَشَأْ يُذْهِبْكُمْ وَيَسْتَخْلِفْ مِن بَعْدِكُم مَّا يَشَاءُ كَمَا أَنشَأَكُم مِّن ذُرِّيَّةِ قَوْمٍ آخَرِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور آپ کا رب بے نیاز، کمال رحمت والا ہے اگر وہ چاہے تو تمہیں لے جائے اور تمہارے بعد جسے چاہے جانشین بنا دے جس طرح اس نے تمہیں پہلے لوگوں کی نسل سے پیدا کیا ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(133) اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے بے نیاز ہے، نہ ان کی عبادت کا محتاج ہے، نہ ان کا ایمان اسے نفع پہنچا تا ہے، اور نہ ان کا کفر اسے نقصان پہنچاتا ہے، لیکن اس کمال بے نیازی کے باوجود وہ اپنے بندوں پر رحم کرنے والا ہے، اس کی بے نیازی ان پر رحم کرنے سے مانع نہیں ہے، اگر وہ چاہے تو اپنے نافرمان بندوں کو یکسر ہلاک کر دے اور ایک ایسی قوم کو لے آئے جو مطیع وفرمانبردار ہوجیسا کہ وہ گذشتہ زمانوں میں قوموں کو ختم کر کے دوسری قوموں کو لاتا رہا ہے ۔