يَا مَعْشَرَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ أَلَمْ يَأْتِكُمْ رُسُلٌ مِّنكُمْ يَقُصُّونَ عَلَيْكُمْ آيَاتِي وَيُنذِرُونَكُمْ لِقَاءَ يَوْمِكُمْ هَٰذَا ۚ قَالُوا شَهِدْنَا عَلَىٰ أَنفُسِنَا ۖ وَغَرَّتْهُمُ الْحَيَاةُ الدُّنْيَا وَشَهِدُوا عَلَىٰ أَنفُسِهِمْ أَنَّهُمْ كَانُوا كَافِرِينَ
” اے جنوں اور انسانوں کی جماعت! کیا تمہارے پاس تم میں سے کوئی رسول نہیں آئے جو تم پر میرے فرامین بیان کرتے تھے اور تمہیں اس دن کی ملاقات سے ڈراتے تھے ؟ وہ کہیں گے ہم اپنے آپ پر گواہی دیتے ہیں کہ انہیں دنیا کی زندگی نے دھوکا دیا اور وہ اپنے آپ پر گواہی دیں گے کہ واقعی وہ کافر تھے۔“
(130) اوپر کی آیت میں جنوں کو ڈانٹ پلائی گئی کہ انہوں نے انسا نوں کو گمراہ کیا، اور قیامت کے دن کسی کافر جن وانس کو انکار کی جرأت نہیں ہوگی اور سبھی اپنے اپنے کفر کا اعتراف کریں گے، اب اس آیت کریمہ میں یہ بیان کیا جارہا ہے کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن دونوں گروہوں سے مزید زجر وتوبیخ کے طور پر پوچھے گا کہ کیا تمہارے پاس ہمارے انبیاء ورسل نہیں آئے تھے۔ ؟ ضحاک بن مزاحم نے اسی آیت سے استدلال کیا ہے اور کہا ہے کہ جنوں میں انبیاء ورسل ہوئے ہیں لیکن جمہور ائمہ سلف وخلف کا مذہب یہ ہے یہ انبیاء ورسل صرف انسانوں میں ہوئے ہیں، حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ نے قرآن کریم کی متعدد آیتوں سے استدلال کر کے اسے ثابت کیا ہے، اللہ تعالی نے سورۃ یوسف آیت (109) میں فرمایا ہے : İوَمَا أَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ إِلَّا رِجَالًا نُوحِي إِلَيْهِمْ مِنْ أَهْلِ الْقُرَىĬآپ سے پہلے ہم نے بستی والوں میں جتنے رسول بھیجے ہیں سب مرد انسان تھے جن کی طرف ہم وحی بھیجتے تھے، اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ انبیاء ورسل صرف انسان مرد ہوا کئے ہیں۔ واللہ اعلم۔ (131) قیامت کے دن کافر اقرار کریں گے کہ اللہ نے انبیاء ورسل بھیج کر حجت تمام کردی تھی، تب اللہ تعالیٰ کہے گا کہ کافروں کو ان کی دنیا کی زندگی نے دھوکے میں ڈال دیا تھا، اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے کافروں کی ایک دوسری شہادت نقل کی ہے وہ خودہی گواہی دیں گے کہ انہوں نے انبیاء اور ان کی نبوتوں کا انکار کیا تھا اور کفر کی راہ اختیار کی تھی۔ قیامت کے دن کافروں کا یہ قول بھی قرآن میں منقول ہے کہİوَاللَّهِ رَبِّنَا مَا كُنَّا مُشْرِكِينَĬ ہم اپنے رب کی قسم کھاکر کہتے ہیں کہ ہم نے شرک نہیں کیا تھا۔ امام شوکانی نے اس کی توجہیہ کی ہے کہ کفار اپنی غایت درجہ کی پر یشانی اور عقل وخرد گم ہوجانے کی وجہ سے کبھی کچھ کہیں گے اور کبھی کچھ۔