سورة الانعام - آیت 44

فَلَمَّا نَسُوا مَا ذُكِّرُوا بِهِ فَتَحْنَا عَلَيْهِمْ أَبْوَابَ كُلِّ شَيْءٍ حَتَّىٰ إِذَا فَرِحُوا بِمَا أُوتُوا أَخَذْنَاهُم بَغْتَةً فَإِذَا هُم مُّبْلِسُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

پھر جب وہ اس کو بھول گئے جو انہیں نصیحت کی گئی تھی تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کھول دیے یہاں تک کہ جب وہ ان چیزوں کے ساتھ خوش ہوگئے جو انہیں دی گئی تھیں ہم نے انہیں اچانک پکڑ لیا تو وہ اچانک ناامیدہوگے۔ (٤٤)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(45) ان قوموں نے جب تکلیف ومصیبت والی آزمائشوں سے عبرت حاصل نہیں کی، تو پھر اللہ تعالیٰ نے دنیاوی نعمتوں سے انہیں مالا مال کردیا، اور یہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ڈھیل اور ایک خطر ناک آزمائش تھی، یہاں تک کہ جب وہ اپنے شرکیہ اعمال کے ساتھ ان نعمتوں میں ڈوب گئے اور خوشی میں مگن ہوگئے، توا للہ تعالیٰ نے انہیں اچانک پکڑ لیا، اور ان کا وجود ہی ختم کردیا۔ اور جو کچھ ان کے ساتھ ہوا اس پر اللہ کا شکرہی ادا کرنا چاہیے، کیونکہ کافروں اور اللہ کے سر کش بندوں کے فاسد عقائد واعمال سے اہل زمین کا نجات پانا ایک بڑی نعمت ہے۔ امام احمد نے عقبہ بن عامر (رض) سے نبی کریم (ﷺ) کی یہ حدیث روایت کی ہے کہ جب تم دیکھو کہ اللہ تعالیٰ اپنے کسی بندہ کو اس کے گناہوں کے باجود اس کی خواہش کے مطابق دنیاکی نعمتیں دے رہا ہے تو سمجھ لو کہ اس کی رسی ڈھیل دی گئی ہے، پھر آپ (ﷺ) نے یہی آیت پڑھی۔