سورة الانعام - آیت 21
وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ كَذِبًا أَوْ كَذَّبَ بِآيَاتِهِ ۗ إِنَّهُ لَا يُفْلِحُ الظَّالِمُونَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
” اور اس سے بڑا ظالم کون ہے جس نے اللہ پر کوئی جھوٹ باندھا یا اس کی آیات کو جھٹلایا۔ حقیقت یہ ہے کہ ظالم لوگ فلاح نہیں پاتے۔“
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
مشرکین مکہ اور اہل کتاب کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ ان سے بڑا ظالم کون ہو سکتا ہے مشرکین کا اپنے بتوں کے بارے میں اعتقاد تھا کہ یہ اللہ کے نزدیک ہمارے سفارشی ہیں۔ اس لیے ان کی عبادت کی، اور اہل کتاب نے قرآن مجید اور نبی کریم (ﷺ) کا انکار کیا تو گویا یہ سبھی لوگ توحید اور اسلام کے خلاف اپنے معاندانہ رویہ کی وجہ سے بڑے ظالم ہیں اور ظالم کبھی فائز المرام نہیں ہوسکتا۔