سورة الماعون - آیت 1

أَرَأَيْتَ الَّذِي يُكَذِّبُ بِالدِّينِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کیا آپ نے اس شخص کو دیکھا ہے جو آخرت کی جزا وسزا کو جھٹلاتا ہے؟

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(1)مقاتل اور کلبی کا قول ہے کہ یہ سورت عاص بن وائل السہمی کے بارے میں نازل ہوئی تھی اور سدی کا قول ہے کہ ولید بن مغیرہ کے بارے میں نازل ہوئی تھی اور ضحاک کہتے ہیں کہ عمرو بن عائذ کے بارے میں نازل ہوئی تھی۔ ان آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے ان کفار مکہ کے سلوک پر نکیر کی ہے اور انہیں قیامت کے دن کے عذاب کی دھمکی دی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : اے میرے نبی ! وہ آدمی لائق صد حیرت ہے جو قیامت کے دن کے جزا و سزا کو جھٹلاتا ہے اور کہتا ہے کہ موت کے بعد کوئی دوسری زندگی نہیں ہے جس میں انسانوں کو ان کے اچھے اور برے اعمال کا بدلہ چکا یا جائے گا۔