سورة الفجر - آیت 8

الَّتِي لَمْ يُخْلَقْ مِثْلُهَا فِي الْبِلَادِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اس جیسی کوئی قوم پیدا نہیں کی گئی۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(8)بہرکیف وہ لوگ جسمانی قوت و جبروت میں دوسری قوموں سے بہت بڑھے ہوئے تھے اور عزت و شرف میں بھی اپنے آپ کو دوسروں سے برتر سمجھتے تھے اور کبر و نخوت ان کی فطرت ثانیہ بن گئی تھی اور کسی کو خاطر میں نہیں لاتے تھے اسیلئے اللہ تعالیٰ نے جب ہود (علیہ السلام) کو ان کی ہدایت و رہنمائی کے لئے مبعوث کیا تو انہوں نے ان کی دعوت کو ٹھکرا دیا اور کفر کی راہ اختیار کرلی۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ حم السجدہ آیت (15) میں ان کے بارے میں فرمایا ہے : ﴿فَأَمَّا عَادٌ فَاسْتَكْبَرُوا فِي الْأَرْضِ بِغَيْرِ الْحَقِّ وَقَالُوا مَنْ أَشَدُّ مِنَّا قُوَّةً Ĭ ” عاد نے بے وجہ زمین میں سرکشی شروع کردی اور کہنے لگے کہ ہم سے زور آور کون ہے“ کیا انہیں یہ نظر نہ آیا کہ جس نے انہیں پیدا کیا ہے وہ ان سے بہت ہی زیادہ زور آور ہے چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ایک نہایت تیز و تند باد صرصر کے ذریعہ انہیں ہلاک کردیا اور دنیا سے ان کا وجود ختم کردیا۔