سورة الملك - آیت 16

أَأَمِنتُم مَّن فِي السَّمَاءِ أَن يَخْسِفَ بِكُمُ الْأَرْضَ فَإِذَا هِيَ تَمُورُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کیا تم اس ہستی سے بے خوف ہوگئے جو آسمان میں ہے وہ تمہیں زمین میں دھنسا دے اور اچانک زمین ہچکولے کھانے لگے؟

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(16) اللہ تعالیٰ یقیناً اس پر قادر ہے کہ وہ کافروں کو ان کے کفر کی وجہ سے ہلاک و برباد کر دے، لیکن مخلوق کے ساتھ اپنے لطف و کرم اور رحمت و مہربانی، اور غایت حلم و برد باری کی وجہ سے ان سے عذاب کو ٹال دیتا ہے اور انہیں توبہ کرنے کا موقع دیتا ہے۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کاملہ کا ذکر کر کے اپنے نافرمان بندوں کو دھمکی دی ہے کہ وہ اللہ جو اپنی مخلوقات سے بلندد و بالا اور عرش پر مستوی ہے، اس کی گرفت سے تمہیں بے خوف نہیں ہوجانا چاہئے، وہ تو اس پر قادر ہے کہ تمہیں زمین میں دھنسا دے اور زمین اتنی شدت سے ہلنے لگے کہ وہ تمہارے اوپر آجائے اور تم اس کے اندر پلٹاکھاتے رہو ۔