سورة التغابن - آیت 12

وَأَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ ۚ فَإِن تَوَلَّيْتُمْ فَإِنَّمَا عَلَىٰ رَسُولِنَا الْبَلَاغُ الْمُبِينُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اللہ کی اطاعت کرو اور رسول کی اطاعت کرو، اگر تم اطاعت سے منہ موڑلو تو ہمارے رسول پر صاف طور پر حق پہنچا دینا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(12) اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اللہ کی اطاعت کریں، اور اس کے رسول کی اطاعت کریں، اس لئے کہ دنیا اور آخرت کی ہر کامیابی اور نیک بختی کا دار و مدار اسی پر ہے اور اگر کوئی اللہ کی اطاعت اور رسول کی اطاعت سے روگردانی کرتا ہے، تو اس کا نقصان اسی کو پہنچے گا، اللہ کے رسول پر اس کی ذمہ داری نہیں آتی، اس کا کام تو پیغام رسانی تھی جو اس نے انجام دے دیا۔