سورة الحديد - آیت 9

هُوَ الَّذِي يُنَزِّلُ عَلَىٰ عَبْدِهِ آيَاتٍ بَيِّنَاتٍ لِّيُخْرِجَكُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ ۚ وَإِنَّ اللَّهَ بِكُمْ لَرَءُوفٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

وہی اللہ ہے جو اپنے بندے (محمد) پر واضح آیات نازل کرتا ہے تاکہ تمہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لے آئے، اور حقیقت یہ ہے کہ اللہ تم پر بہت شفقت کرنے والا اور بڑا رحم فرمانے والاہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(9) اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو ایمان کی دعوت دینے کے لئے جب نبی کریم (ﷺ) کو مبعوث فرمایا، تو اس دعوت کو قوت پہنچانے اور اس کی تائید کے لئے آپ کو بہت سے معجزات عطا کئے، جن میں سب سے بڑا اور اہم معجزہ قرآن کریم تھا، تاکہ لوگ ان معجزات کو دیکھ کر اور قرآن کریم کو سن کر ایمان لے آئیں اور کفر و شرک کی ظلموں سے نکل کر نور ایمان سے اپنے دلوں کو منور کرلیں اور اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے لئے بڑا ہی مہربان اور رحم کرنے الا ہے، اسی لئے اس نے ان کی حالت پر رحم کرتے ہوئے، ان کی ہدایت کے لئے کتاب بھیجی اور رسول مبعوث کیا، تاکہ وہ ایمان کی دولت سے سرفراز ہو کر جنت کے حقدار بنیں اور جہنم کی آگ کو اپنے آپ پر حرام بنائیں۔