إِنَّمَا الْحَيَاةُ الدُّنْيَا لَعِبٌ وَلَهْوٌ ۚ وَإِن تُؤْمِنُوا وَتَتَّقُوا يُؤْتِكُمْ أُجُورَكُمْ وَلَا يَسْأَلْكُمْ أَمْوَالَكُمْ
بس دنیاوی زندگی ایک کھیل اور تماشا ہے اگر تم ایمان لاؤ اور تقویٰ اختیار کرو تو اللہ تمہارے اجر تمہیں دے گا اور وہ تمہارے مال تم سے نہیں مانگے گا۔
(19) دنیاوی زندگی کی کوئی حقیقت نہیں ہے، محض دھوکہ ہے، یہاں کی کسی چیز کو ثبات و دوام حاصل نہیں ہے، ہر شے فانی ہے، اسی لئے اللہ تعالیٰ نے مومنوں کو نصیحت کی ہے کہ تم لوگ اس فانی زندگی کی لذتوں میں مشغول ہو کر اللہ کی راہ میں جہاد کرنا ہرگز نہ چھوڑو، اور فرمایا کہ اگر تم اللہ پر ایمان لاؤ گے اور کفر و معاصی سے بچو گے، تو اس کا وعدہ ہے کہ وہ تمہارا اجر ضائع نہیں کرے گا۔ اور اسے تمہارا مال نہیں چاہئے، کیونکہ وہ تو غنی اور بے نیاز ہے، اگر وہ تم سے مال مانگتا ہے اور مانگنے میں الحاح سے کام لیتا تو تم بخیلی کرنے لگتے اور اسلام کے خلاف تمہارے دل کے کینے باہر آجاتے۔ وہ تو تم سے توحید، انکار شرک اور صرف اپنی طاعت و بندگی کا مطالبہ کرتا ہے۔ بعض مفسرین نے ﴿وَلَا يَسْأَلْكُمْ أَمْوَالَكُمْ﴾کی یہ تفسیر کی ہے کہ وہ تم سے تمہارا سارا مال نہیں مانگتا ہے، بلکہ صرف ڈھائی فیصد مانگتا ہے، تاکہ اس کے ذریعہ تمہاے محتاج و فقیر مسلمان بھائیوں کی ضرورت پوری ہو۔