سورة الجاثية - آیت 34

وَقِيلَ الْيَوْمَ نَنسَاكُمْ كَمَا نَسِيتُمْ لِقَاءَ يَوْمِكُمْ هَٰذَا وَمَأْوَاكُمُ النَّارُ وَمَا لَكُم مِّن نَّاصِرِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور ان سے کہہ دیا جائے گا کہ آج ہم بھی تمہیں اسی طرح بھلائے دیتے ہیں جس طرح تم اس دن کی ملاقات کو بھول گئے تھے تمہارا ٹھکانہ دوزخ ہے اور کوئی تمہاری مدد کرنے والا نہیں ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

اور اللہ تعالیٰ ان سے کہے گا کہ آج ہم تمہیں جہنم میں ڈال کر اسی طرح بھول جائیں گے جس طرح تم اس دن کو بھول کر شرک و معاصی کا ارتکاب کرتے رہے، اور نیک عمل سے دور رہے، جو آج عذاب نار سے تمہاری نجات کا سبب بنتا اور اب کوئی نہیں جو تمہیں عذاب نار سے نجات دلا سکے اور تم اس انجام بد سے اس سبب سے دوچار ہوئے ہو کہ تم نے قرآن کریم کا مذاق اڑایا تھا اور دنیا کی رنگ رلیوں نے تمہیں دھوکے میں ڈال دیا تھا اور تم سمجھ بیٹھے تھے کہ نہ کوئی دوسری زندگی ہے اور نہ ہی حساب و جزا ہے۔