وَسَخَّرَ لَكُم مَّا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ جَمِيعًا مِّنْهُ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ
اس نے زمین و آسمانوں اور تمام چیزوں کو تمہارے لیے مسخر کردیا ہے اور سب کچھ اسی کی طرف سے ہے اس میں بڑی نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو غوروفکر کرنے والے ہیں
(8) اللہ تعالیٰ نے فرمایا : اور اسی نے تمہارے لئے ان تمام چیزوں کو مسخر کردیا ہے جنہیں اس نے آسمانوں اور زمین میں تمہارے فائدے کے لئے پیدا کی ہے۔ شمس و قمر، ستارے، بارش، بادل، ہوائیں، پہاڑ، درخت، نہریں، سمندر، معدنیات اور حیوانات، ان تمام مخلوقات کو اللہ تعالیٰ نے ہی اپنی رحمت سے انسانوں کے لئے مسخر کردیا ہے، اور بلاشبہ اس کے یہ احسانات دعوت فکر و نظر دیتے ہیں، تاکہ لوگ اس پر ایمان لے آئیں، اس کی وحدانیت کا اقرار کریں، اس کا شکر ادا کریں اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرائیں۔