فَاطِرُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ جَعَلَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَاجًا وَمِنَ الْأَنْعَامِ أَزْوَاجًا ۖ يَذْرَؤُكُمْ فِيهِ ۚ لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ ۖ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ
آسمانوں اور زمین کا بنانے والا جس نے تمہیں سے تمہارے لیے جوڑے پیدا کیے اور اسی طرح جانوروں میں بھی جوڑے بنائے اور وہی تمہیں پھیلاتا ہے۔ کائنات کی کوئی چیز اس کے مشابہ نہیں وہ سب کچھ سننے اور دیکھنے والا ہے
(8) میرا رب وہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اور جس نے تمہاری ہی جنس سے تمہاری بیویوں کو پیدا کیا ہے بایں طور کہ حوا کو آدم (علیہ السلام) کی پسلی سے پیدا کیا ہے، پھر زن و شوہر کے باہم ملاپ سے نسل انسانی کو باقی رکھا اور میرا رب وہ ہے جس نے جانوروں کے بھی (مذکر و مؤنث) جوڑے پیدا کئے ہیں، اس ذات باری تعالیٰ نے مرد و زن اور مذکر و مؤنث کے باہم ملاپ سے انسانوں اور تمام جانوروں اور بہائم کی نسلوں کو باقی رکھا ہے اور ان کی تعداد کو کثیر بنا کر دنیا میں پھیلا دیا ہے۔ آیت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے اپنی صفات بیان کی ہے کہ کوئی چیز اس کے مانند نہیں ہے، وہ اپنی ذات و صفات میں اکیلا اور تنہا ہے اور وہ تمام آوازوں کو سننے والا اور تمام کائنات کی خبر رکھنے والا ہے۔