إِلَيْهِ يُرَدُّ عِلْمُ السَّاعَةِ ۚ وَمَا تَخْرُجُ مِن ثَمَرَاتٍ مِّنْ أَكْمَامِهَا وَمَا تَحْمِلُ مِنْ أُنثَىٰ وَلَا تَضَعُ إِلَّا بِعِلْمِهِ ۚ وَيَوْمَ يُنَادِيهِمْ أَيْنَ شُرَكَائِي قَالُوا آذَنَّاكَ مَا مِنَّا مِن شَهِيدٍ
قیامت کا علم اللہ ہی کی طرف راجع ہوتا ہے، جو شگوفوں سے نکلنے والے پھل اس کے علم میں ہیں، اسی کو معلوم ہے کہ کونسی مادہ حاملہ ہوئی ہے اور کس نے بچہ جنا ہے، پھر جس دن وہ ان لوگوں کو پکارے گا کہ کہاں ہیں میرے وہ شریک۔ یہ کہیں گے ہم عرض کرچکے ہیں آج ہم میں سے کوئی اس کی گواہی دینے والا نہیں ہے۔
31 -قیامت کب واقع ہوگی، اس کا علم اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے، حدیث جبریل میں آیا ہے کہ جب انہوں نے رسول اللہ (ﷺ) سے پوچھا کہ قیامت کب آئے گی؟ تو آپ نے جواب دیا کہ پوچھا جانے والا پوچھنے والے سے زیادہ نہیں جانتا ہے۔ یعنی جس طرح آپ کو معلوم نہیں ہے، اسی طرح مجھے بھی معلوم نہیں ہے اور سورۃ النازعات آیات (42، 43، 44) میں آیا ہے : ﴿يَسْأَلُونَكَ عَنِ السَّاعَةِ أَيَّانَ مُرْسَاهَا فِيمَ أَنْتَ مِنْ ذِكْرَاهَا إِلَى رَبِّكَ مُنْتَهَاهَا﴾ ” لوگ آپ سے قیامت کے واقع ہونے کا وقت دریافت کرتے ہیں، آپ کو اس کے بیان کرنے سے کیا تعلق، اس کے علم کی انتہا تو اللہ کی جانب ہے“ اور سورۃ الاعراف آیت (187) میں آیا ہے : ﴿يَسْأَلُونَكَ عَنِ السَّاعَةِ أَيَّانَ مُرْسَاهَا قُلْ إِنَّمَا عِلْمُهَا عِنْدَ رَبِّي لَا يُجَلِّيهَا لِوَقْتِهَا إِلَّا هُوَ﴾” یہ لوگ آپ سے قیامت کے متعلق سوال کرتے ہیں کہ اس کا وقوع کب ہوگا، آپ فرما دیجیے کہ اس کا علم صرف میرے رب ہی کے پاس ہے اس کے وقت پر اس کو اللہ کے سوا اور کوئی ظاہر نہیں کرے گا۔ اس کا علم تمام کائنات کو محیط ہے، حتی کہ جو پھل شگوفہ کے غلاف سے باہر آتا ہے، اسے بھی اللہ تعالیٰ جانتا ہے اور رحم مادر میں جو بچہ پرورش پاتا ہے اور کتنے دنوں کے بعد اس کی ولادت ہوگی اور وہ ناقص ہوگا یا پورا، خوبصورت ہوگا یا بدصورت، ان تمام باتوں کا علم صرف اللہ کو ہوتا ہے۔ اللہ کا علام الغیوب ہونا اور اس کی عظیم قدرت تقاضا کرتی ہے کہ صرف اسی کی عبادت کی جائے کسی کو اس کا شریک نہ بنایا جائے اسی لئے قیامت کے دن اللہ تعالیٰ مشرکوں سے پوچھے گا کہ جن معبود ان باطل کو تم میرا شریک بناتے رہے تھے، وہ کہاں ہیں؟ تو وہ کذب بیانی سے کام لیں گے اور کہیں گے، اے ہمارے رب ! ہم نے تجھے بتا دیا ہے کہ ہم میں سے کوئی اس بات کی گواہی نہیں دیتا تھا کہ تیرا کوئی شریک ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الانعام آیت (23) میں فرمایا ہے : ﴿وَاللَّهِ رَبِّنَا مَا كُنَّا مُشْرِكِينَ﴾ ” اس اللہ کی قسم ! جو ہمارا رب ہے، ہم لوگ مشرک نہیں تھے۔ “