سورة فصلت - آیت 9

قُلْ أَئِنَّكُمْ لَتَكْفُرُونَ بِالَّذِي خَلَقَ الْأَرْضَ فِي يَوْمَيْنِ وَتَجْعَلُونَ لَهُ أَندَادًا ۚ ذَٰلِكَ رَبُّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اے نبی ان سے کہو کیا تم اس اللہ کا انکار کرتے ہو اور دوسروں کو اس کا ہمسر ٹھہراتے ہو جس نے زمین کو دو دنوں میں بنایا، وہی تو پوری کائنات کا رب ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(7) مشرکین قریش کا کفر و شرک اور تکذیب قرآن کریم پر اصرار بڑھتا ہی گیا تو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول (ﷺ) کی زبانی انہیں ذجر و توبیخ کے طور پر فرمایا کہ کیا تم اس ذات باری تعالیٰ کی الوہیت کا انکار کرتے ہو جس نے زمین کو دو دنوں کی مدت میں پیدا کیا ہے اور اس کے لئے شرکاء ٹھہراتے ہو اور ان کی عبادت کرتے ہو، حالانکہ وہ رب العالمین ہے، اس لئے اس کے سوا کوئی دوسرا کیسے عبادت کا مستحق ہوسکتا ہے۔