قُلْ إِنِّي نُهِيتُ أَنْ أَعْبُدَ الَّذِينَ تَدْعُونَ مِن دُونِ اللَّهِ لَمَّا جَاءَنِيَ الْبَيِّنَاتُ مِن رَّبِّي وَأُمِرْتُ أَنْ أُسْلِمَ لِرَبِّ الْعَالَمِينَ
اے نبی ان لوگوں سے فرما دیں کہ جنہیں تم اللہ کو چھوڑ کر پکارتے ہو۔ مجھے ان کی عبادت سے منع کردیا گیا ہے میرے پاس میرے رب کی طرف سے واضح دلائل آچکے ہیں، مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں رب العالمین کے آگے سر تسلیم خم کر وں۔
(37) نبی کریم (ﷺ) کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی قوم سے برملا کہہ دیں کہ میں ان بتوں کی عبادت اور انہیں پکارنے سے قطعی طور پر روک دیا گیا ہوں، جن کی تم لوگ عبادت کرتے ہو اور جنہیں پکارتے ہو، میرے پاس میرے رب کی جانب سے کھلے دلائل اور واضح براہین آگئے ہیں، عبادت کے لائق صرف اسی کی ذات ہے، اور غیروں کی پرستش باطل اور شرک اکبر ہے اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ اپنی گردن رب العالمین کے سامنے جھکائے رکھوں، اسی کے اوامرونواہی کے اتباع کروں اور اپنا ہر معاملہ اسی کے سپرد کر دوں۔