سورة آل عمران - آیت 83

أَفَغَيْرَ دِينِ اللَّهِ يَبْغُونَ وَلَهُ أَسْلَمَ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ طَوْعًا وَكَرْهًا وَإِلَيْهِ يُرْجَعُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کیا اللہ تعالیٰ کے دین کے سوا وہ کوئی اور دین تلاش کرتے ہیں حالانکہ زمین اور آسمانوں کی ہر چیز خوشی اور ناخوشی سے اللہ تعالیٰ کی فرمانبردار ہے اور سب اس کی طرف لوٹائے جائیں گے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

62۔ جب یہ ثابت ہوگیا کہ نبی کریم (ﷺ) پر ایمان لانا تمام انبیاء اور ان کی امتوں پر لازم ہے تو یہ بھی ثابت ہوگیا کہ جو شخص دین محمدی سے اعراض کرے گا، گویا وہ اللہ کے دین کے علاوہ کسی دوسرے دین کا طالب ہوگا، اسی حقیقت کو اللہ نے اس آیت میں بیان کیا ہے کہ کیا وہ لوگ اللہ کے دین کے علاوہ کوئی دوسرا دین چاہتے ہیں، حالانکہ آسمان و زمین کی ساری کائنات (برضا یا بغیر رضا) اسی کے سامنے جھک رہی ہے۔ مؤمن دل و جان سے، اور کافر اللہ کے قہرو جبروت کے نیچے آ کر، کائنات کا ایک ذرہ بھی اس کی مخالفت نہیں کرسکتا۔