سورة الأحزاب - آیت 31
وَمَن يَقْنُتْ مِنكُنَّ لِلَّهِ وَرَسُولِهِ وَتَعْمَلْ صَالِحًا نُّؤْتِهَا أَجْرَهَا مَرَّتَيْنِ وَأَعْتَدْنَا لَهَا رِزْقًا كَرِيمًا
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
اور جو تم میں سے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے اور نیک عمل کرے گی اس کو ہم دو گنا صلہ دیں گے۔ اور ہم نے اس کے لیے رزق کریم تیار کر رکھا ہے۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(26) اللہ تعالیٰ نے امہات المومنین میں سے نیک، صالح اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرنے والیوں کو خوشخبری دی ہے کہ اللہ انہیں دوہرا اجر دے گا، ایک تو طاعت و تقویٰ کی زندگی اختیار کرنے پر، اور دوسرا نبی کریم (ﷺ) کو خوش رکھنے اور ان کے ساتھ حسن اخلاق اور اچھے برتاؤ پر اور یہ بھی خوشخبری دی ہے کہ دوہرے اجر کے علاوہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں عمدہ ترین روزی دے گا، مفسرین لکھتے ہیں کہ اس آیت میں امہات المومنین کو جنت کی بشارت دی گئی ہے۔