سورة الروم - آیت 53

وَمَا أَنتَ بِهَادِ الْعُمْيِ عَن ضَلَالَتِهِمْ ۖ إِن تُسْمِعُ إِلَّا مَن يُؤْمِنُ بِآيَاتِنَا فَهُم مُّسْلِمُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور نہ آپ اندھوں کو ان کی گمراہی سے نکال کر راہ راست پر لا سکتے ہو۔ آپ تو صرف انہی کو سنا سکتے ہیں جو ہماری آیات پر ایمان لاتے اور انہیں مانتے ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

آیت (53) میں اللہ تعالیٰ نے اہل قریش کی مزید ایمانی ابتری بیان کرنے کے لئے انہیں اندھوں سے تشبیہ دی ہے کہ ان کے دل کی آنکھیں اندھی ہوچکی ہیں اور گمراہی میں بہت دور نکل گئے ہیں، انہیں آپ سیدھی راہ پر نہیں لا سکتے ہیں۔ آپ کی دعوت حق کو وہ لوگ قبول کریں گے جو ہماری آیتوں پر ایمان رکھتے ہیں اور حلقہ بگوش اسلام ہوچکے ہیں، کیونکہ انہی کے دل و دماغ آپ کی آواز پر لبیک کہنے کے لئے تیار ہیں اور وہی ہماری نشانیوں میں غور و فکر سے کام لیتے ہیں۔