سورة القصص - آیت 12

وَحَرَّمْنَا عَلَيْهِ الْمَرَاضِعَ مِن قَبْلُ فَقَالَتْ هَلْ أَدُلُّكُمْ عَلَىٰ أَهْلِ بَيْتٍ يَكْفُلُونَهُ لَكُمْ وَهُمْ لَهُ نَاصِحُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور ہم نے پہلے ہی موسیٰ پر دودھ پلانے والیوں کا دودھ حرام کردیا۔ موسیٰ کی بہن نے ان سے کہا میں تمہیں ایسے گھر کا پتہ بتاتی ہوں جو اس کی پرورش کا ذمہ لیں اور خیرخواہی کے ساتھ اسے رکھیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(8) موسیٰ (علیہ السلام) کو دودھ پلانے کے لیے فرعون کی بیوی آسیہ نے دایہ کو بلوابھیجا لیکن انہوں نے اس کا دودھ نہیں پیا تو کسی اور دایہ کو بلوایا اس کا دودھ بھی پینے سے انکار کردیا اسی طرح بہت سی دائیاں کو بلوایا گیا لیکن بچے نے کسی کا بھی دودھ پینے سے انکار کردیا، اور اللہ نے فرعون وآسیہ اور محل کے دیگر رہنے والوں کے دلوں میں ان کی ایسی شدید محبت ڈالدی کہ سبھی پریشان ہوگئے اور بات شدہ شدہ محل سے باہر نکل گئ ان کی بہن تو تمام حالات کا خاموشی سے جائزہ لے رہی تھی اس نے ہمت کی اور آگے بڑھ کر محل والوں سے کہا کہ مجھے ایک دایہ کا پتا ہے شاید بچہ اس کا دودھ پینے پر آمادہ ہوجائے اور وہ لوگ اتنے اچھے ہیں کہ بچے کی اچھی نگہداشت کریں گے محل والوں نے فورا اس دایہ کو بلایا جو موسیٰ (علیہ السلام) کی ماں تھیں، بچہ نے ان کے گود میں جاتے ہی لپک کر ان کا دودھ پینا شروع کردیا ۔