سورة الشعراء - آیت 213
فَلَا تَدْعُ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ فَتَكُونَ مِنَ الْمُعَذَّبِينَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
اے نبی اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہ پکارو۔ ورنہ تم بھی عذاب پانے والوں میں شامل ہوجاؤ گے۔“
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
56۔ قرآن کریم کی حقانیت ثابت کرنے کے بعد، بندوں کو حکم دیا جا رہا ہے کہ وہ صرف ایک اللہ کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ غیروں کو شریک نہ بنائیں۔ آیت میں مخاطب نبی کریم (ﷺ) ہیں حالانکہ وہ معصوم تھے اور شرک سے یکسر پاک تھے، اسی لیے مفسرین نے اس کی توجیہہ یہ کی ہے کہ اگرچہ آپ اللہ کے معزز و مکرم ترین بندے ہیں، لیکن بفرض محال آپ سے ایسی غلطی ہوجاتی تو آپ عذاب سے نہیں بچ سکتے تھے، تو پھر دوسرے لوگ شرک کر کے اللہ کے عذاب سے کیسے بچ سکتے ہیں؟