سورة الشعراء - آیت 28

قَالَ رَبُّ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ وَمَا بَيْنَهُمَا ۖ إِن كُنتُمْ تَعْقِلُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

موسیٰ نے کہا مشرق ومغرب اور جو کچھ ان کے درمیان ہے سب کا رب ایک ہے اگر تم لوگ کچھ عقل رکھتے ہو۔“ (٢٨)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ رب العالمین وہ ہے جو مشرق و مغرب اور ان دونوں کے درمیان کی ہر چیز کا رب ہے، اور یہ بات اتنی واضح ہے کہ تھوڑی سی عقل والا آدمی بھی اسے سمجھتا ہے، یعنی اے فرعون ! صرف تمہاری عقل ماری گئی ہے کہ اتنا صاف ستھری بات تمہیں سمجھ میں نہیں آتی ہے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ موسیٰ (علیہ السلام) نے مشرق و مغرب کا رب ہونے کی بات اس لیے کی تاکہ فرعون کے دماغ میں یہ بات آسکے کہ آفتاب کو مشرق سے نکالنے اور مغرب میں ڈبونے پر ان کا معبود فرعون قادر نہیں ہے، تو پھر وہ معبود کیسے ہوسکتا ہے؟ اور تاکہ فرعون کو بتا سکیں کہ تم تو صرف ایک ملک کے بادشاہ ہو، دوسرے ملکوں پر تمہارا کوئی اختیار نہیں ہے، اور رب العالمین تو وہ ہے جس کی بادشاہی مشرق سے لے کر مغرب تک سارے عالم پر ہے