سورة الفرقان - آیت 61

تَبَارَكَ الَّذِي جَعَلَ فِي السَّمَاءِ بُرُوجًا وَجَعَلَ فِيهَا سِرَاجًا وَقَمَرًا مُّنِيرًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” بڑابرکت والا ہے وہ جس نے آسمان میں برج بنائے اور اس میں ایک چراغ اور ایک چمکتا ہوا چاند روشن کیا۔ (٦١)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

31۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنے بعض ایسے مظاہر قدرت کو بیان کیا ہے کہ اگر رحمن کے لیے سجدہ نہ کرنے والے مشرکین ان میں غور و فکر کریں تو وجوب سجدہ کے قائل ہوجائیں۔ اللہ تعالیٰ کی بابرکت ذات نے آسمان میں سات متحرک سیاروں کے بارہ برج یعنی منازل بنائے ہیں۔ وہ سیارے اللہ کے حکم کے مطابق ایک منزل سے دوسری منزل کی طرف منتقل ہوتے رہتے ہیں، اور ان کی اس منتقلی سے حالات و واقعات میں مختلف تبدیلی آتی رہتی ہے۔ بعض لوگوں نے بروج سے بڑے بڑے ستارے مراد لیے ہیں۔ شوکانی کے نزدیک پہلا قول راجح ہے۔