سورة الفرقان - آیت 19
فَقَدْ كَذَّبُوكُم بِمَا تَقُولُونَ فَمَا تَسْتَطِيعُونَ صَرْفًا وَلَا نَصْرًا ۚ وَمَن يَظْلِم مِّنكُمْ نُذِقْهُ عَذَابًا كَبِيرًا
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
” یوں جھٹلادیں گے وہ تمہاری ان باتوں کو جو تم کہہ رہے ہو پھرتم نہ اپنے انجام کو بدل سکوگے نہ کہیں سے مدد پاسکو گے اور جو بھی تم میں سے ظلم کرے اسے ہم سخت عذاب کا مزہ چکھائیں گے۔“
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
آیت (19) میں انہیں مشرکین کو مخاطب کر کے اللہ نے کہا کہ جنہیں تم اپنا معبود کہتے تھے اور جن کی عبادت کرتے تھے، انہیں معبودوں نے تمہیں جھٹلا دیا، اس لیے اب تم نہ عذاب کو اپنے آپ سے ٹال سکتے ہو اور نہ ہی کوئی تمہاری مدد کے لیے آگے بڑھے گا، آیت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے اپنا فیصلہ سنا دیا کہ جو کوئی شرک کا ارتکاب کرکے اپنے آپ پر ظلم کرے گا وہ اسے بہت بڑے عذاب میں مبتلا کرے گا۔