وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ ۖ كُلٌّ فِي فَلَكٍ يَسْبَحُونَ
اور اللہ ہی ہے جس نے رات اور دن بنائے، سورج اور چاند کو پیدا کیا سب اپنے اپنے مدار میں تیر رہے ہیں۔“
٦۔ رات اور دن اور شمس و قمر کو پیدا کیا، اور شمس و قمر میں سے ہر ایک کا ایک مخصوص دائرہ بنایا جس میں وہ اللہ کے حکم کے مطابق گردش کرتا رہتا ہے، کوئی ایک دوسرے سے نہیں ٹکراتا اور اپنے محدود دائرے سے باہر نہیں ہوتا۔ سورۃ الانعام آیت (٩٦) میں اللہ نے فرمایا ہے :﴿ فَالِقُ الْإِصْبَاحِ وَجَعَلَ اللَّيْلَ سَكَنًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ حُسْبَانًا ذَلِكَ تَقْدِيرُ الْعَزِيزِ الْعَلِيمِ ﴾ وہ صبح کا نکالنے والا ہے اور اسی نے رات کو راحت کی چیز بنائی ہے اور سورج اور چاند کو حساب سے رکھا ہے، یہ بات اس ذات کی ٹھہرائی ہوئی ہے جو زبردست بڑے علم والا ہے، یہی حال تمام دیگر سیاروں کا بھی ہے، ہر ایک اپنے مخصوص دائرے میں گھومتا رہتا ہے، اور سر مو بھی اس سے باہر نہیں ہوتا، ورنہ نظام عالم درہم برہم ہوجاتا، تمام سیارے آپس میں ٹکرا جاتے اور سارا عالم ہلاک و برباد ہوجاتا، یقینا قدرت الہیہ کے یہ تمام مظاہر اس بات کی دلیل ہیں کہ اللہ ایک ہے اور صرف وہی عبادت کا مستحق ہے۔